پاکستان
صحافیوں کی کم از کم اجرت کا تعین،مس انفارمیشن اور ڈس انفارمیشن کی تشریح، پیمرا ترمیمی بل 2023 سینٹ سے منظور
سینیٹ نے پیمرا ترمیمی بل 2023 اتفاق رائے سے منظور کر لیا۔وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے بل پیش کرتے ہوئے کہا کہ بل پر مختلف صحافتی تنظیموں سے مشاورت ہوئی،صحافیوں کے لیے کم از کم تنخواہ کا بھی تعین کیا گیا ہے،مس انفارمیشن اور ڈس انفارمیشن کی تعریف کو اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کی تشریح کی مطابق بنایا گیا ہے،پیمرا ترمیمی بل 2023میڈیا انڈسٹری کا بل ہے۔
بل کی منظوری سے پہلے اس پر اظہار خیال کرتے ہوئے سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ وزیراطلاعات نے اپنا موقف دیا ہم نے اس کو سپورٹ کیا، ہمیں نہیں پتہ تھا کہ انہوں نے سب کا موقف سنا یا نہیں؟ بہتر ہوگا سب سے بات کرکے بل کو پیش کریں تاکہ کسی کو اعتراض نہ ہو۔
سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے کہا کہ جتنی تیزی سے قانون سازی ہوئی ہے آئندہ صدیاں لگ جائیں گی، یہ بل اچانک پیش کیا گیا ابھی پڑھا نہیں، ہمیں بھی اپنی تجویز دینی ہے،چیئرمین پیمرا کی مدت ملازمت میں ترمیم ہونی چاہیئے۔ سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے پیمرا ترمیم بل دوبارہ کمیٹی کو بھیجنے کا مطالبہ کیا۔
سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم نے تمام اسٹیک ہولڈرز کو سننے کے بعد کہا بل پر ہاؤس کی رائے لیں، میں نے آج آنے سے پہلے فیڈ بیک بھی لی ہے،ہر صحافتی تنظیم نے کہا ہے کہ بل پاس کیا جائے، 3ترامیم پر اتفاق ہوا ہے وہ منسٹر صاحبہ پیش کرینگی، میری استدعا ہے کہ آج یہ پروسیس کردیا جائے۔