پاکستان
ٹورنٹو میں پی آئی اے کی ایئرہوسٹس سے منشیات برآمد، جیل بھیج دیا گیا
ٹورنٹو میں حراست میں رہنے کے بعد رہا ہونے والی پی آئی اے کی خاتون فضائی میزبان حنا ثانی کو دوبارہ گرفتار کر کے جیل بھیج دیا گیا۔
کینیڈین حکام نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی ایئر ہوسٹس حنا ثانی کے جوتوں سے آئس (منشیات) برآمد کی ہے، فضائی میزبان کو گزشتہ دنوں غیر قانونی سرگرمی کے شبے میں گرفتار کیا گیا تھا۔
پی آئی اے کے ترجمان نے حنا ثانی کی جیل منتقلی کی تصدیق کی ہے تاہم ان کے خلاف مخصوص الزامات ابھی تک واضح نہیں ہیں۔ یہ پیش رفت ایسٹر کی تعطیلات کے اختتام پر سامنے آئی ہے۔
توقع ہے کہ کینیڈین امیگریشن حکام انھیں جلد مقامی عدالت میں پیش کریں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حنا ثانی نے مبینہ طور پر ٹورنٹو ہوائی اڈے پر تعینات پی آئی اے کے دو دیگر اہلکاروں فائزہ جاوید اور جمیل کا نام لیا جنہوں نے مبینہ طور پر ان کی مدد کی۔
اطلاعات کے مطابق کینیڈین امیگریشن حکام نے فائزہ اور جمیل سے رات گئے تک پوچھ گچھ کی اور اس معاملے میں ان کے ممکنہ ملوث ہونے کا عندیہ دیا۔
گرفتاری سے قبل حنا کو مبینہ طور پر کینیڈین حکام کی جانب سے وارننگ موصول ہوئی تھی۔