ٹاپ سٹوریز
الیکشن مقررہ وقت سے 3 ماہ آگے جائیں گے، رانا ثنا، نومبر سے 2 ماہ کا وقت آگے ہوگا، خواجہ آصف
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ الیکشن مقررہ وقت سے 120 دن آگے جائیں گے، کئی ماہ والی کوئی بات نہیں جبکہ وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نومبر کی بجائے الیکشن کو دو ماہ آگے لے جا سکتا ہے۔
رانا ثناء اللہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ نگران سیٹ اپ آئینی تقاضے کو پورا کرتے ہوئے حلقہ بندی کروائے گا،حلقہ بندیوں میں تقریباً 120 دن لگتے ہیں، اس میں کئی ماہ والی بات نہیں، جیسے ہی حلقہ بندی آئینی تقاضا مکمل ہوا الیکشن ہوں گے۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ نگران وزیراعظم کے لیے حفیظ شیخ سمیت دیگر ناموں پر بات چیت ہورہی ہے، ابھی تک کوئی نام لاک نہیں ہوا،آج شامل یا کل تک امکان ہے کوئی نام لاک ہوجائے گا۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ دہشت گردوں سے مذاکرات نہ کرنے کی پالیسی آج کی نہیں پہلے کی ہے، دہشت گردوں سے مذاکرات کی بات کے حوصلہ افزا نتائج نہیں نکلے، ایک صوبے میں امن و امان کی صورتحال پر توجہ دینے کی ضرورت ہے،الیکشن کے دوران کسی حادثے کی توقع ہوسکتی ہے۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ آج سے کچھ دن قبل سیاسی جلسے میں ایک بہت بڑاحادثہ ہوچکا ہے،الیکشن اس وجہ سے آگے نہیں جائیں گے یا ملتوی نہیں ہوئیں گے،آرمی چیف کا افغانستان کے حوالے سے پیغام سخت بیان نہیں ہے،نگران حکومت اور سکیورٹی ادارے بروقت الیکشن کے انتظامات کریں گے، باقی معاملات بھی آئین و قانون کے مطابق آگے بڑھیں گے۔
دریں اثنا وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے غیرملکی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آئین کے مطابق پاکستا ن میں انتخابات 90 دن کے اندر ہونے چاہئیں،بعض تکینکی بنیادوں پر الیکشن کمیشن چاہتے تو ایک دو ماہ کی توسیع کرسکتا ہے،میرے حسا ب سے انتخابات نومبر میں ہوں گے،بہت زیادہ ہوا تو ایک دو ماہ کی توسیع ہوسکتی ہے۔