آرٹ
کراچی آرٹس کونسل میں قیدیوں کی بنائی تصویروں اور فن پاروں کی نمائش
آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی سینٹرل جیل میں پابند سلاسل قیدیوں کے بنائی آئل آن کینوس پرمبنی تصویروں اورمنفرد ودیدہ زیب فن پاروں کی نمائش منعقد کی گئی۔
آرٹس کونسل کراچی میں سینٹرل جیل کے قیدیوں کی تصویری نمائش کا انعقاد کیاگیا،جس کا افتتاح سندھ کے گورنرکامران خان ٹیسوری نے کیا،نمائش میں دیواروں پرجابجا کہیں خوبصورت خطاطی اورکہیں آئل آن کینوس پرجلوے بکھیرتی تصاویرآویزاں دکھائی دیں۔
کچھ قیدی ہنرمندوں نے ایمبوسڈ ورک اورکچھ نے تھریڈ ورک کے ذریعے اپنے جذبات کا اظہارکیا،فن پاروں کی نمائش میں حرم شریف اورمسجد نبوی موتی اورنگینے جڑے خوبصورت شبیہ دلچسپی کا مرکزبنے۔
نمائش میں موتیوں اورستاروں سےتیارکردہ دیدہ زیب ماڈلزبھی تخلیقی صلاحیتوں کی بہترین عکاسی کرتے دکھائی دیے۔
ایک آرٹسٹ نے ہوائی اڈے کی پوری عکاسی کی،جس میں رن وے پرہوائی جہازپارک دکھائی دے رہےہیں۔
آئی جی جیل کے مطابق نمائش میں رکھے گئے قیدیوں کے پارے فروخت کرکے ان کے پیسے اہلخانہ کو دئیے جائینگے۔ہماری خواہش ہے کہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس نمائش میں شریک ہوں۔
نمائش کے روح رواں سپریٹنڈنٹ جیل حسین سہتو کا کہنا تھا کہ کئی برسوں سے جیل کی سلاخوں کے پیچھے پابند سلاسل قیدیوں کی اصلاح کے لیے انھیں یہ فن سکھایا گیا ہےتاکہ وہ اپنی سزائیں پوری کرنے کےبعد معاشرے کے کارآمد فرد بن سکیں۔
نمائش تصویروں کے ذریعے شریک قیدیوں کے استاد اور سابق قیدی حسین رضا کے مطابق قیدیوں کی پہلی نمائش نے باقی قیدیوں کو یہ تحریک دی کہ وہ بھی اپنا فن دوسروں تک پہنچاسکتے ہیں۔
نمائش میں شریک افراد نے قیدیوں کی خوبصورت کاوش کی بھرپوراندازمیں پذیرائی کی۔