پاکستان
فیصل کریم کنڈی نے گورنر کا حلف اٹھا لیا، علی امین گنڈا پور تقریب سے غائب،صوبائی حکومت کا وفاق میں وکیل بنوں گا، گورنر خیبرپختونخوا
پیپلز پارٹی کے فیصل کریم کنڈی نے گورنر خیبرپختونخوا کے عہدے کا حلف اٹھالیا،چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس اشتیاق ابراہم نے نئے گورنر سے حلف لیا، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور تقریب میں شریک نہیں ہوئے۔
تقریب حلف برداری میں سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، وفاقی وزیر سیفران انجینئر امیر مقام، وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی، سابق رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ،پی پی پی قائدین ندیم افضل چن، نیئر بخاری سمیت دیگر مرکزی اور صوبائی قائدین، اراکین پارلیمنٹ، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری،آئی جی پولیس اخترحیات گنڈاپور، کمشنرپشاورسمیت صوبائی محکموں کے انتظامی سربراہان نے شرکت کی۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے حلف اٹھانے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ میری پوری کوشش ہوگی کہ صوبے اور مرکز کے درمیان پل کا کردار ادا کروں ۔صدر آصف علی زرداری اور پی پی پی کا اعتماد پر مشکور ہوں۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ یہ صوبہ ہم سب کا صوبہ ہے اور اس کی ترقی چاہتے ہیں، مرکز اور صوبے میں محاذآرائی نہیں چاہتے صوبے میں امن و امان اور معاشی صورتحال مخدوش ہے اپنے سیکورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہوکر امن قائم کرینگے صوبے کی تمام جماعتوں کے سربراہان کے پاس جاؤں گا، تمام سیاسی قائدین کو ٹیلی فون بھی کئے ہیں، صوبائی حکومت کو یقین دلاتا ہوں کہ میں وفاق میں آپ کا وکیل بنوں گا۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبائی حکومت کے ساتھ مل جل کر صوبے کے مسائل کا حل نکالیں گے، شائد وزیراعلی مصروفیت کی وجہ سے حلف برداری میں شریک نہیں ہوئے،وزیراعلی کو دعوت دیتا ہوں کہ ائیں اس صوبے کے مفادات کے لئے مل کر کام کریں، پی پی پی نے ہمیشہ مذاکرات اور مفاہمت کی بات کی ہے۔