پاکستان
فیض آباد دھرنا کمیشن نے فواد حسن فواد کو طلب کر لیا
اختر علی شاہ کی سربراہی میں فیض آباد دھرنا کمیشن نے نگراں وزیر اور سابق سیکریٹری ٹو پی ایم فواد حسن فواد کو طلب کر لیا۔
ذرائع کے مطابق دھرنا کمیشن 5 دسمبر کو فواد حسن فواد کا بیان ریکارڈ کرے گا، انہوں نے 22 نومبر 2017ء کے اجلاس کے منٹس درج کیے تھے۔
اس معاملے سے متعلق ذرائع کا بتانا ہے کہ سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی اور سابق وزیرِ داخلہ احسن اقبال کمیشن کے سامنے پیش ہو چکے ہیں۔
ذرائع کے مطابق شاہد خاقان عباسی کا ابتدائی بیان ریکارڈ کر لیا گیا ہے۔کمیشن نے تحقیقات کے لیے شاہد خاقان عباسی کو 4 صفحات پر مشتمل سوالنامہ دیا تھا جس میں 32 کے قریب سوالات تھے۔
واضح رہے کہ فیض آباد دھرنے کے وقت شاہد خاقان عباسی وزیرِ اعظم تھے، وہ اگست 2017ء سے 31 مئی 2018ء تک وزیرِ اعظم رہے۔
فیض آباد دھرنا کمیشن سابق آئی جی اختر علی شاہ کی سربراہی میں قائم کیا گیا ہے۔