Urdu Chronicle

Urdu Chronicle

ٹاپ سٹوریز

عید پر کانگو وائرس پھیلنے کا خدشہ، الرٹ جاری، بلوچستان میں وائرس کا خطرہ زیادہ

Published

on

ملک میں عید الضحی سے قبل کانگو وائرس کے ممکنہ  پھیلاؤ پر الرٹ جاری کردیا گیا۔نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) نے متعلقہ وفاقی و صوبائی اداروں کو کانگو وائرس بارے ہدایت نامہ بھجوا دیا۔

قومی ادارہ صحت کے ہدایت نامے کا مقصد شہریوں و طبی ماہرین کو کانگو بارے معلومات فراہم کرنا ہے،عید الاضحیٰ سے قبل مویشیوں کی ملک گیر نقل و حمل ہوتی یے اورانسانوں کا جانوروں سے میل جول بڑھ جاتا ہے۔

قومی ادارہ صحت کی ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ عید الاضحیٰ کے دنوں میں کانگو وائرس کے پھیلائو کا خدشہ ہوتا ہے،کانگو وائرس کا پھیلائو روکنے کیلئے بروقت اقدامات ناگزیر ہیں، بروقت حفاظتی اقدامات سے کانگو وائرس کا پھیلاؤ روکنا ممکن ہے۔

کانگو وائرس پھیلتا کیسے ہے؟

قومی ادارہ صحت کی ایڈوائزری میں کہا گیا کہ متعلقہ ادارے کانگو وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے پیشگی اقدامات یقینی بنائیں، کانگو بخار خطرناک نیرو نامی وائرس سے لاحق ہوتا ہے،کانگو وائرس مویشی کی کھال سے چپکی چیچڑ میں پایا جاتا ہے،گائے، بکری، بھیڑوں، پالتو جانوروں کی جلد کانگو وائرس کی پناہ گاہ ہے۔

ایڈوائزری میں بتایا گیا ہے کہ کانگو وائرس چیچڑ کے ذریعے ایک سے دوسری جگہ منتقل ہوتا ہے،متاثرہ چیچڑ کے کاٹنے سے کانگو وائرس انسان کو منتقل ہوتا ہے،نیرو وائرس انسانوں کو کانگو بخار لاحق ہونے کا سبب بنتا ہے۔

بلوچستان میں خطرہ زیادہ

ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ کانگو وائرس سے انسان ہیموریجک بخار میں مبتلا ہوتا ہے،کانگو بخار سے ہلاکتوں کی شرح 10 تا 40 فیصد ہو سکتی ہیں، ماضی میں بلوچستان کانگو وائرس سے زیادہ متاثر رہا ہے،ملک میں کانگو وائرس کے بیشتر کیس بلوچستان سے رپورٹ ہوتے ہیں۔

رواں برس بلوچستان میں 27 کانگو کیسز، 5 اموات رپورٹ ہوئی ہیں،جانوروں میں کانگو بخار کی علامات ظاہر نہیں ہوتیں،کانگو وائرس انسانی خون، تھوک اور فضلے میں پایا جاتا ہے، مویشی پالنے والے افراد اور قصاب کانگو وائرس سے جلد متاثر ہو سکتے ہیں۔

کانگو وائرس کی علامات

کانگو وائرس میں مبتلا مریضوں میں تیز بخار، کمر، پٹھوں، گردن میں درد ،قے کانگو کی علامات پائی جاتی ہیں۔ متلی ،گلے کی سوزش، جسم پر سرخ دھبے کانگو کی اہم علامات ہیں، منہ ،ناک، اندرونی اعضاء سے خون بہنا کانگو کی اہم علامات ہیں۔

منڈی جاتے ہوئے کیا احتیاط کریں؟

عیدالاضحیٰ کے موقع پر کانگو وائرس سے بچنے کے لیے ماہرین کا مشورہ ہے کہ عید پر خریدار پوری آستین والے کپڑے پہن کر مویشی منڈی جائیں،مویشی منڈی سے واپسی پر فورا نہا کر نئے کپڑے پہنیں،بچوں کو مویشی منڈی لے جانے سے گریز کریں۔

قومی ادارہ صحت نے ہدایت کی ہے کہ محکمہ لائیو سٹاک مویشی منڈی میں جانوروں پر چیچڑ مار سپرے کرے،شہری و قصاب قربانی کے وقت دستانوں کا استعمال کریں،شہری قربانی کے وقت خود کو زخم و جانوروں کے خون سے بچائیں،قربانی کا گوشت دھوتے وقت دستانوں کا استعمال کریں،قربانی کے گوشت کو اچھی طرح پکا کر کھائیں۔

کانگو وائرس سے بچاؤ کی کوئی ویکسین نہیں

قومی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ کانگو وائرس کی باقاعدہ ویکسین تاحال ایجاد نہیں ہوئی،شہری احتیاطی تدابیر اپنا کر کانگو وائرس سے محفوظ رہ سکتے ہیں،طبی عملہ کانگو کے مریض کا علاج کرتے وقت خصوصی احتیاط کرے،طبی ماہرین کانگو کے مصدقہ مریض کو آئیسولیشن روم میں رکھیں،این آئی ایچ میں کانگو وائرس کی تشخیصی سہولیات دستیاب ہیں۔

قومی ادارہ صحت نے ہدایت کی ہے کہ ڈاکٹرز کانگو کے مشتبہ مریض کے نمونے فورا این آئی ایچ بھجوائیں، مناسب احتیاطی تدابیر اپنا کر کانگو وائرس سے بچائو ممکن ہے۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین