تازہ ترین
وفاقی کابینہ کا اجلاس کل ہوگا، پی ٹی آئی پر پابندی، عمران خان، عارف علوی اور قاسم سوری کے خلاف آرٹیکل 6 کی کارروائی کی منظوری لی جائے گی
وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس کل طلب کرلیا۔ وفاقی کابینہ تحریک انصاف پر پابندی کی منظوری دے گی۔ پی ٹی آئی پرپابندی کی کابینہ منظوری کے بعد پارلیمنٹ سے منظوری لی جائےگی۔
اجلاس کی صدارت وزیراعظم شہباز شریف کریں گے۔ کابینہ ارکان کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے،کابینہ منظوری کے بعد پارلیمنٹ سے منظوری کی جائے گی۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بانی پی ٹی آئی، عارف علوی، قاسم سوری کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کی بھی منظوری لی جائے گی۔
واضح رہے کہ کچھ روز قبل پریس کانفرنس میں وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ نے کہا تھا کہ تحریکِ انصاف پر پابندی لگانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کے معاملے پر کافی دیر سے غور جاری تھا، پی ٹی آئی پر پابندی کا معاملہ اگلے کابینہ اجلاس میں آ سکتا ہے۔
عطاء اللّٰہ تارڑ کا کہنا تھا کہ فیصلہ حکومتی اتحادی جماعتوں سے مشاورت کے بعد کیا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ سابق صدر عارف علوی، بانی پی ٹی آئی اور قاسم سوری کے خلاف آرٹیکل 6 کا کیس چلایا جائے گا، ان تینوں اشخاص کے خلاف وفاقی کابینہ سے منظوری کے بعد یہ ریفرنس سپریم کورٹ کو بھجوایا جائے گا۔