پاکستان

وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی سربراہ پاک فضائیہ ایئرچیف مارشل ظہیر بابر سے ملاقات

Published

on

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے آج ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کے دورے کے دوران سربراہ پاک فضائیہ، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی،ملاقات میں بین الاقوامی معاشی صورتحال اور علاقائی سلامتی کے ماحول پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ائیر چیف نے معزز مہمان کو پاک فضائیہ کو جدت سے استوار کرنے اور مقامی صلاحیتوں کے فروغ کے لیے جاری مختلف منصوبوں کے بارے میں آگاہی فراہم کی۔

سربراہ پاک فضائیہ نے وزیر خزانہ کو پاک فضائیہ کے نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک پراجیکٹ سے آگاہ کیا اور اس امر پر روشنی ڈالی کہ اس میگا پراجیکٹ کا مقصد ایوی ایشن، اسپیس، آئی ٹی، سائبر اور کمپیوٹنگ کے شعبوں میں مشترکہ تحقیق، ترقی اور اختراع کو فروغ دینا ہے تاکہ پاکستان کے لیے اقتصادی، تکنیکی اور سائنسی فوائد کے حصول کو یقینی بنایا جاسکے۔

سربراہ پاک فضائیہ نے معیشت کو ترقی اور استحکام کی جانب گامزن کرنے کے لیے حکومت کی عملی پالیسیوں اور اقدامات کی بھی تعریف کی۔

وزیرِ خزانہ نے پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی بے مثال پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان  پاک فضائیہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لائے گی تاکہ ملک کے ناقابلِ تسخیر فضائی دفاع کو یقینی بنایا جاسکے۔

وزیر خزانہ نے پاکستان کو ایک خوشحال اور معاشی طور پر مستحکم ملک بنانے کی غرض سے حکومت پاکستان کی جانب سے نافذ کی جانے والی اقتصادی پالیسیوں اور وسیع منصوبوں کا بھی ذکر کیا۔

معزز مہمان نے پاک فضائیہ کی آپریشنل تیاریوں پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے بہترین صلاحیتںوں سے لیس اور ہنرمند فضائی اہلکاروں کی تیاری و تربیت، جو ملک کے فضائی دفاع اور قومی سلامتی کے بدلتے چیلنجوں سے نمٹنے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں، پر پاک فضائیہ کی قیادت کی تعریف کی۔

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین

Exit mobile version