پاکستان

وزیراعلیٰ مریم نواز کی صدارت میں کابینہ کا پہلا اجلاس، رمضان نگہبان پیکج کی منظوری

Published

on

وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیرصدارت پنجاب کابینہ کے پہلے اجلاس میں رمضان نگہبان ریلیف پیکیج کی منظوری دے دی گئی،مستحق لوگوں کے گھروں تک  65 لاکھ سے زائد ریلیف پیکیج پہنچائے جائیں گے، مجموعی طورپر سواتین کروڑ افراد مستفید ہونگے۔

پنجاب کی پہلی خاتون وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا پہلا اجلاس جمعرات کو ہوا،وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے تمام وزراء خصوصی طور پر سکھ برادری سے تعلق رکھنے والے پہلے وزیر رمیش سنگھ اروڑا کو وزرات کا قلم دان سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

کابینہ نے رمضان نگہبان ریلیف پیکیج2024 ء کی منظوری دی،اس پروگرام کے تحت65لاکھ سے زائد ریلیف پیکیج مستحق لوگوں کے گھروں تک پہنچائے جائیں گے، مجموعی طورپر سواتین کروڑ افراد مستفید ہونگے،رمضان نگہبان ریلیف ہیمپر میں 10کلو آٹا، 2کلو چاول،2کلوچینی، 2کلو گھی اور 2کلو بیسن شامل ہوگا۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے اشیاء خورو نوش کی کوالٹی کو یقینی بنانے کے لئے ضلعی انتظامیہ اور پنجاب فوڈ اتھارٹی کو ٹاسک دے دیا،وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی اربن یونٹ اور سپیشل برانچ کی ٹیمیزکوفیلڈ سروے کرکے رمضان نگہبان ہیمپرز کی ترسیل پر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ ہیمپرز کی ترسیل کی نگرانی پی آئی ٹی بی(PITB) کی تیار کردہ ایپ اور ڈیش بورڈ کے ذریعے کی جائے گی۔

وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے صوبائی وزراء کو رمضان نگہبان پیکیج کی تقسیم کی کڑی مانیٹرنگ کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ رمضان المبارک میں گرانفروشوں اور ذخیرہ اندوزوں پر نظر رکھی جائے اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو باقاعدہ تربیت دی جائے۔

کابینہ نے ضلعی سطح پر سستے رمضان بازار لگانے کی بھی منظوری دی، وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے صوبائی وزراء کو عوام کی فلاح و بہبود یقینی بنانے کے لئے بہترین کوآرڈینیشن کے ساتھ دن رات محنت کرنے کی ہدایت کی۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے رمضان نگہبان پروگرام کی موثر مانٹیرنگ کے لئے صوبائی وزراء پر مشتمل سپیشل کمیٹی بنانے کی ہدایت کی۔

صوبائی کابینہ کے پہلے اجلاس میں پنجاب گورنمنٹ رولز آف بزنس 2011ء کے تحت وزراء کو کابینہ کی کارروائی کے طریقہ کار پر تفصیلی بریفنگ دی گئی،اجلاس میں کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کی تشکیل کی منظوری دی گئی،اجلاس میں کابینہ سٹینڈ نگ کمیٹی برائے قانونی امور کی تشکیل کی بھی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے امن و امان کی تشکیل کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں صوبائی وزراء، چیف سیکرٹری، انسپکٹرجنرل پولیس،چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، چیئرمین پی آئی ٹی بی، سیکرٹریز خزانہ، اطلاعات اور دیگرمتعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین

Exit mobile version