ٹاپ سٹوریز

لاہور میں بارش سے سیلابی صورتحال، 6 ہلاکتیں، رات 9 بجے بارش کے دوسرے سپیل کا امکان

Published

on

پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں آج صبح سے ریکارڈ موسلا دھار بارش کے سبب سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی، بارش کے دوران مختلف واقعات میں 6 افراد جاں بحق ہوئے۔

واٹر اینڈ سینی ٹیشن اتھارٹی (واسا) کے مطابق بارش کے نتیجے میں لاہور کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا، خاص طور پر لکشمی چوک پر سب سے زیادہ 291 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، اس کے علاوہ نشتر ٹاؤن میں 277، پانی والا تالاب اور گلشن راوی میں 268 ملی میٹر بارش ہوئی۔

مزید بتایا گیا کہ لاہور کے کمشنر ، ڈپٹی کمشنر اور واسا کے منیجنگ ڈائریکٹر شہر کے علاقوں کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ جمع ہونے والے پانی جیسے مسائل کو حل کیا جاسکے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے 24 گھنٹوں میں لاہور میں وقفے وقفے سے بارش جاری رہنے کی توقع ہے۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ  لاہور میں بارش کے دوران مختلف واقعات میں 6 افراد جاں بحق ہوئے، 3 افراد کرنٹ لگنے، 2 چھت سے گرنے اور ایک بچی ڈوب کر جاں بحق ہوئی،اب تک لاہور میں 291 ملی میٹر بارش ہوئی ہے جوکہ ریکارڈ ہےْ

محسن نقوی نے کہا کہ بارش کے پانی کو اتنی جلدی نکالنا بڑا مشن ہے، آپریشن جاری ہے، نہر سے ملحقہ آبادی میں زیادہ پانی کھڑا ہوا، غازی ٹاؤن اور مسلم ٹاؤن میں بہت زیادہ پانی جمع ہوا ہے، بارش کے اگلے اسپیل  کا بتایا گیا ہے رات 9 بجے آئے گا۔

محسن نقوی نے کہا کہ لاہور میں سیوریج کا بڑا دیرینہ مسئلہ ہے، ریکارڈ بارش ہوئی گھر ڈوبے ہوئے ہیں، سارے لوگ محنت کررہے ہوں تو سب اچھا ہوجاتا ہے، تمام انتظامیہ رات گئے سے سڑکوں پر موجود ہے، پچھلے چند گھنٹوں سے تمام ٹیم لاہور کے دورے پر تھی۔

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین

Exit mobile version