ٹاپ سٹوریز
نظام میں بنیادی تبدیلیوں کی ضرورت ہے، فوج، عدلیہ اور سیاستدان مل کرمستقبل کے راستے کا تعین کریں، شاہد خاقان عباسی
سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہےکہ نواز شریف کی نااہلی ختم کرکے تلافی کی جائے، نواز شریف کے لاڈلے ہونے کا تاثر الیکشن کو متنازعہ بنائے گا، سربراہ پی ٹی آئی کو زبردستی نااہل کیا تو منفی نتائج ہوں گے۔
وائس آف امریکا سے انٹرویو میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نواز شریف خاموشی چھوڑیں اور عوام کو اپنی سوچ بتائیں، نواز شریف بتائیں وہ ملک اور سیاست کو کس سمت لے جانا چاہتے ہیں،نواز شریف پر دیگر سیاستدانوں سے زیادہ ذمہ داری ہے کہ قوم کو اعتماد دیں،نواز شریف کے لاڈلے ہونے کا تاثر الیکشن کو متنازعہ بنائے گا،مسلم لیگ ن کے پسندیدہ ہونے کے تاثر کو ختم کیا جانا چاہئے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ مسلم لیگ ن ووٹ کو عزت دو کے بیانیہ سے ہٹ گئی،مسلم لیگ ن ووٹ کو عزت دو کی بجائے اقتدار کی سیاست کررہی ہے،مسلم لیگ ن کی موجودہ سیاست سے اتفاق نہیں کرسکتا،جماعت کی پالیسیوں سے اختلاف کے باعث الیکشن میں حصہ نہیں لوں گا،انتخابات کے بعد پیدا ہونے والی ممکنہ خرابی سے خود کو دور رکھنا چاہتا ہوں۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نواز شریف سے اپنی سوچ کا اظہار کرتا رہا ہوں، مریم نواز سے کوئی ناراضگی یا اختلاف نہیں ہے ، اقتدار کے حصول کی سیاست ملکی مسائل میں اضافہ کرے گی،سیاسی جماعتیں نظریئے کی نہیں اقتدار کی سیاست کررہی ہیں،انتخابات میں تاخیر ملک کے مفاد میں نہیں،الیکشن میں التوا ہوا تو ملک کیلئے بہت نقصان دہ ہوگا،سیاسی جماعتوں کو انتخابات کے التوا کی حمایت نہیں کرنی چاہئے۔
شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ فوج، عدلیہ اور سیاستدان الیکشن سے قبل راستے کا تعین کریں،مستقبل کے راستے کے تعین کے بغیر الیکشن کے بعد بھی استحکام نہیں آئے گا،ملک کے نظام میں بنیادی تبدیلیاں لانے کی ضرورت ہے، نظام میں اصلاحات کوئی ایک جماعت یا اتحادی حکومت نہیں کرسکتی، فوج، عدلیہ اور سیاستدانوں کو مل کر حکمت عملی طے کرنا ہوگی،تمام سیاسی جماعتیں ملک کو درپیش مسائل کو حل کرنے میں ناکام رہیں۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ سیاسی استحکام کیلئے ضروری ہوگا کہ انتخابات کی شفافیت پر سوال نہ اٹھیں، عام انتخابات میں کوئی جماعت سادہ اکثریت حاصل نہیں کرسکے گی، آئندہ حکومت اتحادی حکومت ہوگی،سربراہ پی ٹی آئی کو زبردستی نااہل کیا تو منفی نتائج ہوں گے،کسی کو بھی حقائق اور قانون کی بنیاد پر سزا دی جانی چاہئے،عدالتوں سے زبردستی فیصلے سے ملک کا نقصان ہوتا ہے،نواز شریف کی نااہلی ختم کرکے تلافی کی جائے،فیض آباد کمیشن سے کہا ہر فیصلے کی ذمہ داری قبول کرتا ہوں۔