ٹاپ سٹوریز
میں عوام کی طرف دیکھ رہا ہوں، باقی سب خلائی مخلوق سے امید لگائے بیٹھے ہیں، بلاول بھٹو زرداری
سابق وزیر خارجہ، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ میں واحد سیاستدان ہوں جو عوام کی طرف دیکھ رہا ہے،باقی سیاسی جماعتیں اشرافیہ کے ساتھ ہیں،بہت سے سیاستدان ایسے ہیں جو خلائی مخلوق سے امید لگائے بیٹھے ہیں
کوٹ ادو میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شدید سردی میں جلسہ میں آنے پر عوام کے شکر گزار ہیں، دسمبر سے الیکشن کے سلسلے میں انتخابی مہم چلا رہا ہوں،ملک میں مہنگائی،بیروزگاری بڑھ چکی ہے عوام غربت کا شکار ہیں، میں واحد سیاستدان ہوں جو عوام کی طرف دیکھ رہا ہے،باقی سیاسی جماعتیں اشرافیہ کے ساتھ ہیں،بہت سے سیاستدان ایسے ہیں جو خلائی مخلوق سے امید لگائے بیٹھے ہیں،
سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ عالمی سطح پرپاکستان کیخلاف سازشیں ہورہی ہیں،ملک میں دہشت گردی کاخطرہ ایک بارپھرسراٹھارہا ہے، عوام کے ساتھ مل کر ہم ملک کو درپیش تمام مسائل کا حل نکال سکتے ہیں،بڑھتی ہوئی غربت،مہنگائی اوربیروزگاری کا بوجھ عام آدمی اٹھارہا ہے، عوام میرا ساتھ دیں تمام مسائل کو حل کردیں گے، پیپلزپارٹی غریبوں اور دوسری جماعتیں اشرافیہ کی نمائندگی کرتی ہیں،پیپلزپارٹی کی حکومت بنائیں،عوام کی آمدن کو دگنا کردیں گے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے انتخابی منشور بتاتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی کا 10نکاتی ایجنڈاہےجس سےبیروزگاری، غربت اور مہنگائی کامقابلہ کریں گے،پسماندہ طبقات کی نمائندگی کرتےہیں،مزدوروں کسانوں کی نمائندگی کرتے ہیں،عوام ساتھ دیں اشرافیہ کو تکلیف اور عام آدمی کو ریلیف پہنچائیں گے،ذوالفقار بھٹو نے روٹی،کپڑا،مکان کے نعرے پر عمل کرکے دکھایا تھا،عوام سے وعدہ کرتا ہوں انہیں 30 لاکھ گھر بناکر دوں گا،ہوائی باتیں نہیں کرتے،سندھ میں گھر بنانا شروع کردیئے ہیں،پیپلز پارٹی برسراقتدار آکر کسانوں کو کسان کارڈ دے گی،کسان کارڈ کے ذریعے کسانوں کو مالی مدد پہنچائیں گے،قدرتی آفت میں کسانوں کا نقصان ہوا تو کسان کارڈ سے فصل کی انشورنس ہوگی۔
بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کارکنوں سے کہا کہ پیپلزپارٹی کے کارکنان میرا پیغام اور منشور ہر گھر تک پہنچائیں،پیپلزپارٹی نے سندھ کے ہر ضلع میں مفت علاج کیلئے اسپتال بنائے ہیں،گمبٹ میں 100فیصد مفت اور معیاری علاج عوام کو فراہم کیا ہے،کراچی میں دنیا کا سب سے بڑا دل کے مفت علاج کا اسپتال بنایا ہے، عوام کیلئے 300یونٹ تک بجلی کا وعدہ پورا کرکے دکھائیں گے،بےنظیر مزدورکارڈ کےذریعے مزدوروں کو سوشل سکیورٹی پہنچائیں گے،نوجوانوں کو یوتھ کارڈ کے ذریعے مدد فراہم کریں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے عوامی مسائل کے ادراک کااعتراف کرتے ہوئے کہا کہ مانتا ہوں ملک بھر میں عوام کو مختلف مسائل کا سامنا ہے،شوبازی نہیں کررہا عوام سے جو کہہ رہا ہوں منتخب ہونے کے بعد پورے کروں گا،یونین کونسل کی سطح پر بھوک مٹاؤ پروگرام شروع کرنا چاہتا ہوں،شیر کا راستہ ہمیں ہر صورت روکنا ہے اور تیر راستہ روک سکتا ہے،لاہور میں بہت پیسے خرچ ہوئے مگر وہاں بھی عوام کو پینے کا صاف پانی نہیں ملتا،بمقابلہ 2 جماعتوں میں ہے تو سوچیں کس جماعت کو ووٹ دیں گے،اپنے جاننے والوں کو سمجھائیں اس بار ووٹ ضائع نہ کریں،اہل قیادت کو دیں،تیر کا نشان ہر طرح کی سازش کو ناکام بناسکتا ہے،8 فروری کو 2 جماعتوں میں الیکشن ہورہا ہے،کیاعوام ایسی جماعت چاہیں گے جس نے 4 بار وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالا،اب وہ اپنی جماعت کیلئے چاہتے ہیں پانچویں بار وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالیں۔