پاکستان

پی ٹی آئی کارکنوں کو دعوت دیتی ہوں آؤ نفرت کی سیاست دفن کردیں، مریم نواز

Published

on

چیف آرگنائزر مسلم لیگ (ن) مریم نواز نے کہا ہے کہ گالی گلوچ، کردار کشی بھلانے کو تیار ہوں، پی ٹی آئی کے کارکنوں کو دعوت دیتی ہوں آؤ ظلم،انتقام،جبر اور جلاؤ گھیراؤ کا باب بند کرو۔ نفرت کی سیاست کو دفن کردیں۔

قصور میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ قصور کے لوگوں نے نوازشریف کی پارٹی کا پرچم کبھی گرنے نہیں دیا،قصور کے لوگوں کی استقامت کو سلام پیش کرتی ہوں،مسلم لیگ (ن) اور نوازشریف کو قصور کے عوام سے بہت محبت ہے،قصور کے عوام نے کسی جماعت کو یہاں گھسنے نہیں دیا،قصور کے عوام نے یہاں بڑی تعدادمیں جمع ہوکر عشق کی بازی پلٹ دی ہے،سیاست نوازشریف سے شروع ہوکر انہی پر ختم ہوتی ہے،تازہ سروے میں مسلم لیگ (ن) مقبول ترین جماعت قرار پائی ہے،ہر سروے نے مخالفین کے پروپیگنڈے کے پرخچے اڑا دیئےہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ گزشتہ 7،6 سال میں نوازشریف کیخلاف ظلم و جبر کی ہر حد کو پار کیا گیا،کہا جاتا تھا نوازشریف کی سیاست ختم ہوچکی ہے،آج دیکھ لیں سیاست شروع بھی نوازشریف سے ہوئی اور ختم بھی ان پر ہورہی ہے،جلسوں میں نوازشریف کی کردار کشی کرنےکےساتھ مجھے بھی نہ بخشا گیا، ایک سیاسی مخالف کے پاس اپنی کارکردگی بتانے کیلئے کچھ بھی نہیں ہے،ان کیخلاف ذاتی نوعیت کے مقدمات پر ہم نے ایک لفظ بھی نہیں کہا،ان لوگوں نے ایک بیٹی کو باپ کے سامنے گرفتارکرکے جیل میں ڈالا، آج ان کی چوری اور 9 مئی کو ریاست پر جو حملہ کیا گیا اس پر بات کرتے ہیں،میراسیاسی جنم ایسے دور میں ہوا جب ماں،بہن،بیٹی کی کوئی عزت نہیں تھی،میرا سیاسی جنم انتہائی مشکل دور میں ہوا جہاں بیٹیوں،بہنوں کو کال کوٹھڑی میں پھینکا گیا،میرے خلاف انتہائی غلط جملےکہے گئے،بدتمیزی،بدتہذیبی اور کیچڑاچھالاگیا،ملک اور قوم کیلئے ان کے تمام مظالم بھلانے کو تیار ہوں،سب کو دعوت دیتی ہوں آؤ ظلم،انتقام،جبر اور جلاؤ گھیراؤ کا باب بند کرو،پی ٹی آئی کارکنان سے بھی کہتی ہوں نفرت کی سیاست کو ہمیشہ کیلئے دفن کردیں۔

مریم نواز نے کہا کہ خواب دیکھتی ہوں ایسےپاکستان کا جہاں آپ کے ہاتھ میں پٹرول بم نہیں ڈگریاں ہوں، ایسے پاکستان کاخواب  دیکھتی ہوں جہاں امن،بھائی چارہ،سلامتی ہو،آپ کو اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کیلئے باہر بھی جانا پڑے تو حکومت بھیجے،چاہتی ہوں آپ کو ٹیکنیکل ٹریننگ،بہترین کالج،یونیورسٹیز ملیں،نوکریوں کی بات ہوتی ہے تو چاہتی ہوں ہمارا نوجوان خود مختار ہو،چاہتی ہوں ہر شہر،ڈسٹرکٹ تحصیل میں اسٹیٹ آف دی آرٹ اسپتال ہو۔

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین

Exit mobile version