پاکستان
پی ٹی آئی کو طرز سیاست بدلنا ہے تو 9 مئی پر معذرت کرے، ناصر شاہ
وزیرتوانائی سندھ ناصرحسین شاہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو طرزسیاست بدلنا ہے تو 9 مئی پر معذرت کرے،پی ٹی آئی کو انتشار کی سیاست سے کنارہ کشی کرنا ہوگی۔
روہڑی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرتوانائی سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ بجلی ٹیرف کا اثر عام صارف پر پڑتا ہے،بجلی کے بل یا ٹیرف میں ضرور کمی آئےگی،آئی ایم ایف کی طرف سے کوئی کنڈیشن ہے تو وفاق متبادل فراہم کرے گا،آئی پی پیز معاہدوں کو ریویو کرنے کی اشد ضرورت ہے،بلاول بھٹو نے اس حوالے سے وفاق سے بات کی ہے۔
وزیرتوانائی سندھ نے کہا کہ یہ درست ہے بجلی کے بل کسی کی بھی قوت برداشت میں نہیں رہے،بدتمیزی،شدت پسندی سے دہشت گردی کو سپورٹ ملتی ہے،پی ٹی آئی کو طرزسیاست بدلنا ہے تو 9 مئی پر معذرت کرے،پی ٹی آئی کو انتشار کی سیاست سے کنارہ کشی کرنا ہوگی۔
وزیرتوانائی سندھ نے کہا کہ پی ٹی آئی پی کے طور پر میدان میں آئیں تو ان کا مستقبل ہے،پی ٹی آئی پی کا مطلب پاکستان تحریک انصاف پرامن ہے،ڈی جی آئی ایس پی آر نے بنوں واقعہ کے حقائق قوم کے سامنے رکھے،بنوں کنٹونمنٹ ایریا پر شرپسندوں نے حملہ کیا،فائرنگ ہوئی،بھارت ہمارا دشمن ہے،افغانستان بھی جتنا خیرخواہ ہے سب کو معلوم ہے۔
ناصرحسین شاہ نے پی ٹی آئی کا نام لیے بغیر کہا کہ یہ ڈیجیٹل دہشت گرد ہیں،ان سے کنارہ کش ہونا پڑےگا،آئی بی اے کے طلبا سے کوئی ناانصافی نہیں ہوگی،کچھ لوگ انہیں اکسارہے ہیں کہ احتجاج کریں،کچھ قانونی پیچیدگیاں ہیں تو انہیں دور کرنا پڑے گا،آئی بی اے کے طلبا تھوڑا صبر کریں روزگار ضرور ملےگا۔