ٹاپ سٹوریز
عدالت نے عمران خان کو الیکشن سے روکا تو ہم عمل درآمد کے پابند ہوں گے، وزیراعظم
نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کو یقینی بنانے کےعزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ نگران حکومت آئندہ عام انتخابات میں مکمل طور پر غیر جانبدار رہے گی، ملک کی معیشت اب مستحکم ہو چکی ہے۔
اے پی پی کے مطابق نگران وزیر اعظم نے یہ بات نجی ٹی وی چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں کی۔
نگران وزیراعظم نے کسی مخصوص سیاسی جماعت کی حمایت کے تاثر کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی جماعتیں عام طور پر اپنے ووٹروں کو مختلف طریقوں سے اپنی طرف متوجہ کرنے کی کوشش کرتی ہیں اور ایسے الزامات ان جماعتوں کا سیاسی بیانیہ ہو سکتا ہے۔
وزیر اعظم نے اس تاثر کی بھی تردید کی کہ ان کی کابینہ کے ایک رکن فواد حسن فواد کی کسی مخصوص سیاسی جماعت سے وابستگی ہے۔ وہ کابینہ کے بہترین رکن اور قابل سابق بیوروکریٹ ہیں، وہ اپنی بہترین صلاحیتوں کے باعث ہر حکمران جماعت کا پسندیدہ انتخاب بنتے تھے۔
فواد حسن فواد بھی نجکاری کے عمل میں اچھا کام کر رہے ہیں اور امید ہے کہ نگران حکومت کے خاتمے سے قبل یہ عمل مکمل ہو جائے گا۔
پی ٹی آئی چیئرمین کے آئندہ الیکشن میں حصہ لینے کے حوالے سے سوال پر انھوں نے کہا کہ یہ عدالتی نتائج پر منحصر ہے، اگر عدالتوں نے انہیں الیکشن لڑنے سے روک دیا تو نگراں حکومت عدالتی احکامات پر عمل کرنے کی پابند ہوگی۔
غیر قانونی تارکین وطن کی پاکستان سے بے دخلی کے متعلق سوال کے جواب میں وزیراعظم نے اس حوالے سے کسی بیرونی دبائو کے تاثر کو مسترد کر دیا اور کہا کہ افغان باشندے ہمارے دشمن نہیں ہیں۔پاکستان نے افغان شہریوں کے ملک میں رہنے پر پابندی نہیں لگائی لیکن شرط یہ ہے کہ وہ اپنے آپ کو مناسب قانونی دستاویزات کے ساتھ رجسٹر کروائیں۔