ٹاپ سٹوریز
پنجاب کے سیاستدانوں کو دل کی تکلیف ہو تو لندن بھاگ جاتے ہیں، رائیونڈ میں دل کا ہسپتال بنائیں گے، بلاول
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم ن لیگ کی طرح جھوٹے وعدے نہیں کرتے، پنجاب میں سیاست دانوں کو دل کی تکلیف ہو تو یہ لندن بھاگ جاتے ہیں، ان سیاست دانوں کے لیے ہم نے کراچی میں اسپتال بنایا، اگر پسند نہیں تو رائے ونڈ میں دل کے علاج کا مفت اسپتال بنائیں گے۔
لاہور میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی جیتنے کے لیے ہر حلقے سے الیکشن لڑرہی ہے، ہم نفرت اور تقسیم کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے، ہم گالم گلوچ کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے، ہم اپنے منشور پر الیکشن لڑیں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ قائد عوام نے عوام سے کیے تمام وعدے پورے کیے، بینظیر بھٹو شہید نے بھی اپنے وعدے پورے کیے، ہم بھی عوام سے کیے وعدے پورے کریں گے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ عام آدمی کی حکومت بنانے کے لیے پیپلزپارٹی کو کامیاب کروانا ہے، کیاعام آدمی کا اپنی تنخواہ میں گزارا ہوتا ہے کہ نہیں، ہم اقتدار میں آکر غریب کی تنخواہ میں اضافہ کریں گے، ہم نےغریب آدمی کو مفت بجلی دلوانا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خواب پورا کرنے کے لیے تیر پر نشان لگانا ہے، ہم ہر شخص کو صحت کی سہولت دینا چاہتے ہیں، ہم ن لیگ یا پی ٹی آئی کی طرح جھوٹے وعدے نہیں کرتے، رائے ونڈ میں مفت علاج کے لیے کوئی اسپتال ہے، وہ خود دل کےعلاج کے لیے لندن چلے جاتے ہیں، میں نے کہا تھا لندن نہ جائیں کراچی میں مفت علاج کروائیں، رائے ونڈ میں بھی مفت دل کےعلاج کا مرکز بنائیں گے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ہم کچی آبادیوں کو مالکانہ حقوق دیں گے، اقتدار میں آکر 30 لاکھ گھر بناؤں گا اور خواتین کو مالکانہ حقوق دیں گے، ہم بے نظیر مزدور کارڈ لائیں گے، ہم مزدوروں کو تمام تر سہولیات فراہم کریں گے، مزدوروں کی طرح کسانوں کو بھی سپورٹ کریں گے۔