تازہ ترین
آئی ایم ایف نے پاکستان کے سخت معاشی فیصلوں کی تعریف کردی، 28 جون کو مذاکراتی وفد کی آمد متوقع
بین الاقوامی مالیاتی فنڈ نے سخت معاشی فیصلوں کو بجٹ کا حصہ بنانے اور متعدد اشیا پر کی ٹیکس چُھوٹ ختم کیے جانے پر حکومتِ پاکستان کی تعریف کی ہے۔
وزارتِ خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف نے ان اقدام کو معاشی پیش رفت کیلئے مثبت قرار دیا ہے۔ 28 جون کو آئی ایم ایف کے وفد کی پاکستان آمد متوقع ہے۔
وزارتِ خزانہ کے مطابق آئی ایم ایف حکام سے ورچوئل مذاکرات میں پیش رفت ہوئی ہے۔ آئی ایم ایف نے بجٹ سے متعلق ملکی سیاسی اتفاقِ رائے کو سراہا ہے۔ آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ سخت فیصلے ہی معاشی پیش رفت کے لیے ناگزیر اور مفید ہیں۔
آئی ایم ایف نے سخت معاشی فیصلوں کو بجٹ کا حصہ بنانے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سیاسی جماعتوں کے تعاون اور ٹیکس کی چُھوٹ کے خاتمے کو ٹیکس سسٹم کے حوالے سے بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔