پاکستان

عمران خان تصفیہ کی جانب گامزن، تین اہم فیصلے کر لئے، جاوید چوہدری کا دعویٰ

Published

on

سینئر صحافی اور تجزیہ کارجاوید چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان سیٹلمنٹ کی طرف جا رہے ہیں اور انہوں نے جیل میں تین اہم فیصلے کیے ہیں۔

آج نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے جاوید چوہدری نے کہا کہ عمران خان کے تینوں فیصلے سیٹلمنٹ کی طرف ہیں، ’پہلا فیصلہ تو یہ کیا گیا ہے کہ الیکشن کے بعد جب کچھ لوگوں نے کہا کہ اسٹبلشمنٹ نے دھاندلی کرائی ہے تو اب پاکستان تحریک انصاف اسٹبلشمنٹ کا نام نہیں لے رہی‘۔

انہوں نے کہا کہ ’آنے والے وقتوں میں اسٹبلشمنٹ کا نام نہیں لیا جائے گا بلکہ دو عناصر کی بات کی جائے گی، الیکشن کمیشن کا نام لیا جائے گا اور تین سیاسی جماعتوں پیپلز پارٹی، ن لیگ اور ایم کیو ایم کا نام لیا جائے گا‘۔

جاوید چوہدری کے مطابق سوشل میڈیا پر افواج پاکستان کے خلاف بات کرنے والے پی ٹی آئی سے منسلک رہ چکے افراد سے فاصلہ رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پانچ سابق صحافی ہیں جو پاکستان کے باہر بیٹھ کر پی ٹی آئی کا بیانیہ پھیلاتے رہے ہیں، ان سے اظہار لاتعلقی کیا جائے گا۔

جاود چوہدری نے تیسرے فیصلے کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ علی امین گنڈا پور وفاق کے ساتھ چلیں گے، ایس آئی ایف سی میں آئیں گے، ای سی سی میں بیٹھیں گے، نیشنل سکیورٹی کمیٹی کی میٹنگ میں بھی شرکت کریں گے اور وزیراعظم شہباز شریف خیبرپختونخوا گئے تو ان سے ملاقات بھی کریں گے۔

انہوں نے دعویٰ کی کہ پی ٹی آئی شیر افضل مروت جیسے جارح مزاج لوگوں کو روکے گی اور اگر نہیں رکے تو ان کے خلاف کارروائی کرے گی اور فاصلہ اختیار کرے گی، اسی طرح پی ٹی آئی اسٹبلشمنٹ کے خلاف مولانا فضل الرحمان کی کسی بھی تحریک میں ساتھ نہیں دے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ اس کے بعد عمران خان کو ریلیف ملنا شروع ہوجائے گا۔

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین

Exit mobile version