Urdu Chronicle

Urdu Chronicle

تازہ ترین

عمران نے ایک بار پھر مذاکرات کی حکومتی پیشکش مسترد کردی

کیا ہم شہباز شریف سے موسم پر مذاکرات کریں؟ اس کے پاس مذاکرات کیلئے ہے ہی کیا؟ بانی پی ٹی آئی

Published

on

بانی پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا ہے کہ آج ساری دنیا وہی کہہ رہی ہے جو کمشنر پنڈی اور سابق وزیراعظم کاکڑ نے حنیف عباسی کو کہا تھا۔پارٹی میں اختلافات غلط فہمی کا نتیجہ ہے، دونوں گروپوں کو جمعرات کے روز ملاقات کیلئے اڈیالہ جیل بلایا ہے۔پی ٹی آئی سے مضبوط جماعت ملک میں ہے ہی نہیں اس لیئے فارورڈ بلاک نہیں بن سکتا۔ امریکی کانگریس کی قرار داد کے مقابلے میں حکومت اپنی قرار داد لانے سے بہتر تھا ملک بچانے کا سوچے۔

190 ملین پاؤنڈ ریفرنس پر سماعت کے موقع پر اڈیالہ جیل میں میڈیا ٹاک کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے عدالت میں درخواست دائر کی ہے کہ ائی ایس آئی کے کرنل اور میجر کا اڈیالہ جیل میں کیا کام ہے، آئی ایس آئی کے پاس سول معاملات اور عدلیہ میں مداخلت کا کوئی اختیار نہیں ہے۔الیکشن کو پانچ ماہ گزر گئے مجھے ابھی تک یہ نہیں پتہ کہ کون جیتا اور کون ہارا ہے۔سپریٹنڈنٹ جیل صرف آئی ایس آئی کے احکامات پر چل رہا ہے دو افسران کو اس وجہ سے تبدیل کیا گیا کہ مجھے کوئی رعایت نہ دے دیں۔

عمران خان نے کہا کہ ملک میں الیکشن میں مبینہ بے ضابطگیوں پر امریکی کانگرس نے قرارداد منظور کی ہے، 85فیصد کانگریس اراکین نے قراداد کی حمایت میں ووٹ دیا۔ دنیا میں سب سے بڑی اور طاقتور اسرائیلی لابی ہے وہ بھی اج تک ایسی قرارداد منظور نہیں کروا سکی۔ میں آج بھی ایبسولوٹلی ناٹ کے موقف پر کھڑا ہوں۔ امریکیوں کو رپورٹس آ رہی ہوتی ہیں جو وہ خود اکٹھی کرتے ہیں، امریکی کانگرس نے پوری تحقیق کے بعد یہ قرارداد پیش اور منظور کی، اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کا بھی میرے بارے میں بیان آیا ہے۔ ملک میں پلڈاٹ،فافن اور پٹن کی رپورٹس میں دھاندلی کی تصدیق کی گئی، چیف الیکشن کمشنر کو دھاندلی کو کور کرنے کے لیے لگایا گیا ہے سارا ملک کہہ رہا ہے کہ فراڈ الیکشن کروایا گیا۔

بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ ریٹائرڈ ججز کو ٹریبیونل میں تعینات کر کے مرضی کے فیصلے حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے حکومت جھوٹ پر چل رہی ہے وزیر داخلہ فراڈ اور سفارشی ہے اس نے کرکٹ کے ساتھ کیا کیا،کرکٹ ٹھیک کرنی ہے تو سب سے پہلے محسن نقوی کو نکالیں جو سفارش پر چل رہا ہے، اگر یہ حکومت رہ گئی تو لکھ لیں اگلے بجٹ میں قرض مزید بڑھ جائیں گے غربت ٹیکس بڑھ جائے گا، ملک کے اخراجات بڑھ جائیں گے اور آمدن بہت کم ہو جائے گی،ملک کو صرف اوورسیز پاکستانیوں کی سرمایہ کاری ہی بچا سکتی ہے کیونکہ ان کے پاس ڈالرز پڑے ہیں، موجودہ حالات کے باعث پروفیشنل ملک چھوڑ کر جا رہے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ  کچھ لوگوں نے تشدد کے باعث پارٹی چھوڑی اور کچھ نے فائلیں دیکھ کر ، دونوں کے الگ الگ کیسز ہیں، جب جیل سے باہر نکلوں گا تو پھر پارٹی میں واپسی کے معاملات کو خود دیکھوں گا پارٹی میں اختلافات کوئی بڑا مسئلہ نہیں، عمر ایوب کی پارٹی کے لیے بہت خدمات ہیں،سپریم کورٹ مخصوص نشستوں پر الیکشن کمیشن کا کردار دیکھے،کسی بھی جمہوریت میں ایک پارٹی کی سیٹ دوسرے کو نہیں دی جا سکتی یہ کہیں نہیں ہوتا۔

ایک صحافی نے سوال کیا کہ وزیراعظم نے آپ کو مذاکرات کی دعوت دی ہے کیا آپ شہباز شریف سے مذاکرات کے لیے تیار ہیں ؟ صحافی کے سوال پر بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ کیا ہم شہباز شریف سے موسم پر مذاکرات کریں؟ اس کے پاس مذاکرات کیلئے ہے ہی کیا کہ اس سے بات چیت کی جائے۔

ان سے سوال کیا گیا کہ آپ سائفر کے معاملے کو پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت اور سازش کہیں گے یا اس قرارداد کو ملک کے اندرونی معاملات میں مداخلت قرار دیں گے؟ اس سوال پر بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ میں اج بھی سائفر کے معاملے پر اپنے بیان پر قائم ہوں۔ میں نے کہا تھا کہ امریکہ نے حکومت گرانے کی دھمکی دی ہے اور انہوں نے ہماری حکومت ہی گرا دی۔

ایک صحافی نے سوال کیا کہ فواد چودھری نے دعویٰ کیا ہے کہ آپ نے ان کو ملاقات کا پیغام بھیجا تھا وہ تو پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت پر مسلسل تنقید کررہے ہیں؟بانی پی ٹی آئی نے فواد چودھری سے متعلق سوالات کو سنجیدگی سے نہیں لیا اور نہ کوئی جواب دیا۔

جیل انتظامیہ کی جانب سے گفتگو سے روکنے پر بانی پی ٹی آئی بار بار ناراضگی کا اظہار کرتے رہے، بانی پی ٹی آئی نے ڈپٹی سپرینڈنٹ جیل سے کہا یہ اوپن ٹرائل ہے تم مجھے بات کرنے سے نہیں روک سکتے۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین