دنیا
بھارتی وزیراعظم مودی کے خلاف اپوزیشن تحریک عدم اعتماد لائے گی
بھارت میں نئے بننے والے اپوزیشن اتحاد ’ انڈیا‘ نے مودی حکومت کے خلاف مون سون پارلیمانی سیزن میں تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ترنمول کانگریس پارٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کے فصلے پر اتحاد میں شامل تمام جماعتیں آن بورڈ ہیں۔ْ
بھارتی کی اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس آج صبح ہوا جس میں تحریک عدم اعتماد پر بات کی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں نے منی پور کشیدگی پر مودی کو پارلیمنٹ میں بیان دینے کے لیے مجبور کرنے کے طریقوں پر غور کیا اور طے پایا کہ تحریک عدم اعتماد حکومت کو بحث شروع کرانے پر مجبور کرنے میں مؤثر ہو سکتی ہے۔
راجیہ سبھا میں بھی منی پور کے معاملے پر حکومتی بنچوں کو کارنر کرنے کی پالیسی جاری رکھنے پر اتفاق پایا گیا۔
اس سے پہلے لوک سبھا اجلاس اپوزیشن کے ہنگامے کی نذر ہوگیا اور سپیکر کو اجلاس دوپہر تک ملتوی کرنا پڑا۔ وزیراعظم مودی نے اپوزیشن پر نشانہ سادھتے ہوئے کہا کہ ایسٹ انڈیا کمپنی کو بھی اپنے نام میں انڈیا شامل کرنا پڑا تھا اور انڈین مجاہدین کے نام میں بھی انڈیا ہے، اپویشن اتحاد انڈیا نام رکھ کر بھی بے سمت اور پریشان ہے۔