Urdu Chronicle

Urdu Chronicle

ٹاپ سٹوریز

بھارت میں دو مسافر ٹرینوں اور مال گاڑی کی ٹکر،288 مسافر ہلاک،900 سے زیادہ زخمی

Published

on

بھارت کی مشرقی ریاست اوڑیسہ میں تین ٹرینوں کی آپس میں ٹکر سے 288 مسافر ہلاک اور 900 سے زیادہ زخمی ہیں، حادثے کے مقام پر 200 سے زیادہ ایمبولینسز بھجوائی گئی ہیں۔

ایک مسافر ٹرین ٹریک سے اتر کر دوسرے ٹریک پر آنے والی مسافر ٹرین اور مال گاڑی سے ٹکرائی، اس حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔

یہ بھارت کی تاریخ کا بدترین ٹرین حادثہ بتایاجاتا ہے۔ بھارتی ریلوے کا کہنا ہے کہ کورومنڈل ایکسپریس اور ہوڑہ سپرفاسٹ ایکسپریس کی ٹکر ہوئی۔

اوڑیسہ کی ایمرجنسی سروسز کے ڈائریکٹر جنرل سدھانشو سارنگی نے ہلاکتوں کی تعداد 288 بتائی۔ سو سے زیادہ ڈاکٹرز کو ہنگامی حالت سے نمٹنے کے لیے بھجوایا گیا ہے۔

اس حادثے میں زخمی ایک مسافر نے بتایا کہ جب حادثہ ہوا تو دس سے پندرہ مسافر اس پر آن گرے، وہ سن کے نیچے دب گیا، اس کے سر اور گردن پر چوٹ آئی۔ اس مسافر نے کہا کہ جب وہ ٹرین کی بوگی سے باہر نکلنے میں کامیاب ہوا تو اس نے دیکھا کسی کا ہاتھ ضائع ہوگیا ہے، کسی کی ٹانگ ضائع ہوئی ہے، کچھ مسافروں کے چہرے شدید زخمی دیکھے۔

ریاست میں سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ شالیمار۔ چنائی کورومنڈل ایکسپریس کی بوگیاں ٹریک سے اتریں اور کچھ بوگیاں مخالف سمت کے ٹرین پر گریں۔

یشونت پور سے ہوڑہ جانے والی ٹرین ٹریک پر الٹنے والی بوگیوں سے ٹکرائی۔ ایک اور مال گاڑی بھی ان ٹرینوں سے ٹکرائی۔

حادثے کی شکار ٹرینوں کے بچ جانے والے مسافر دوسرے مسافروں کی مدد کے لیے بھاگتے نظر آئے اور ملبے سے مسافروں کو نکالنے کی کوشش کرتے دکھائی دئیے۔

مقامی بس کمپنیوں نے زخمی مسافروں کی مدد کا کام شروع کردیا ہے۔ بھارت کا ریل نیٹ ورک دنیا کے بڑے ریل نیٹ ورکس میں سے ایک ہے اور ٹرین حادثے عام ہیں۔

بھارت میں بدترین ٹرین حادثہ 1981 میں ہوا تھا جب گنجائش سے زیادہ بھری ایک ٹرین ٹریک سے اتر کر دریا میں جا گری تھی اس حادثے میں 800 مسافر ہلاک ہوئے تھے۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین