پاکستان
ملک میں ادارے کمزور اور خلاف ورزی کرنے والے طاقتور ہے، مولانا فضل الرحمان
سربراہ جے یو آئی (ف) مولانافضل الرحمان نے کہا ہے کہ ملک میں ادارے کمزور اور خلاف ورزی کرنےوالے طاقتور ہیں۔
لاڑکانہ میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جمہوری سیاست میں تمام ذمہ داری حکمرانوں پر ہوتی ہے، منصب،حلف کے اعتبار سے حکمرانوں کا فرض بنتا ہے ملک کی خدمت کریں،الیکشن ایسا ماحول ہوتا ہے جہاں ذمہ داری عوام کی طرف آجاتی ہے،عوام اپنی ذمہ داری سیاستدانوں کو منتقل کرتے ہیں،8فروری تک آنے والےدن عوام کی ذمہ داریوں کے دن ہیں۔
جے یو آئی ف کے سربراہ نے کہا کہ پاکستان اس وقت تنزلی کی انتہا پر ہے،کہیں تو خرابی کی کوئی وجہ ہے،پاکستان میں ڈاکو اور لٹیرے طاقتور جبکہ پولیس کمزور ہے،ملک بھر میں کہیں انتہا پسندی،کہیں ڈاکے تو کہیں چور بازاری ہے۔
مولانافضل الرحمان نے کہا کہ ہمسایہ ممالک کہاں سے کہاں پہنچ گئے اوریہاں عوام کاکوئی پرسان حال نہیں، جن ممالک کے افسران کو ہم تربیت دیتے تھے وہ آج ترقی اور ہم تنزلی پر ہیں،کوئی بھی ملک آئین اورقانون کے بغیر کسی صورت نہیں چل سکتا،ہمیں سوچنے کی ضرورت ہے کہ یہ ملک ایک مقصد کیلئے بنایا گیا تھا، پاکستان جس مقصد کیلئے بنایا گیا بدقسمتی سے وہ ہمیں حاصل نہ ہوسکا۔