کھیل
ارتضیٰ حسین سولہویں چیف آف دی نیول اسٹاف امیچور گالف کپ 2023 کے فاتح
ارتضی حسین نے 16ویں چیف آف دی نیول اسٹاف امیچور گالف کپ 2023 کا ٹائٹل جیت لیا۔ 16ویں چیف آف دی نیول اسٹاف امیچور گالف کپ 2023 کی اختتامی تقریب کا انعقادمارگلہ گرین گالف کلب اسلام آباد میں ہوا۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف اس موقع پر مہمان خصوصی تھے جنہوں نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے جیتنے والوں کو شاندار کامیابی پر مبارکباد دی اور ان کی صلاحیتوں کو سراہا۔ امیر البحر نے کھیل کے اعلیٰ معیار کی تعریف کی جس نے شرکاء کو دلچسپ اور معیاری تفریح فراہم کی۔ انہوں نے گالف کپ کے کامیاب انعقاد کے لئے مارگلہ گالف کلب کے اسٹاف اور منتظمین کی انتھک کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے اسپانسرز، اور میڈیا برادری کے مسلسل اور فراخدلانہ تعاون کو بھی سراہا جس کے بغیرگالف کپ کا کامیاب انعقاد ناممکن ہوتا۔
9 سے 12 نومبر تک منعقد ہونے والا چار روزہ گالف کپ گالف کے حلقوں میں ایک بڑا ایونٹ بن گیا ہے۔ پاکستان بھرسے تقریباً 300 گالفرز نے مختلف کیٹیگریز میں حصہ لیا جن میں مین امیچرز، لیڈی امیچرز، سینئرز اور جونیئرز شامل تھے۔
تقسیم انعامات کی تقریب میں سو ل وعسکری حکام ، منتظمین، اسپانسرز، گالفرز اور میڈیا کے نما ئندوں نے شرکت کی۔