Urdu Chronicle

Urdu Chronicle

تازہ ترین

اسرائیل مغرب کو عالمی جنگ کی طرف دھکیل رہا ہے؟

Published

on

غزہ کے پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی فضائی حملے میں حماس کے رہنما اسماعیل ہانیہ کے تین جوان بیٹے اپنے چار بچوں سمیت شہیدگئے،ہانیہ فیملی امدادی کیمپوں کے متاثرین کے ساتھ عید منانے جا رہی تھی،حماس کے سیاسی رہنما اسماعیل ہانیہ نے تصدیق کی ہے کہ غزہ میں ان کے تین بیٹے اور چار پوتے اسرائیلی فضائی حملے میں شہید ہوگئے۔

بیٹوں اور پوتوں کی شہادت پہ ردعمل دیتے ہوئے ہانیہ نے کہا ، میرے بیٹوں کا خون غزہ کے بچوں سے زیادہ قیمتی نہیں، اسرائیلی فوج کی طرف سے خاندان کو نشانہ بنانے کے باوجود پیچھے نہیں ہٹیں گے،شہادتوں سے جنگ بندی مذاکرات میں حماس کے مطالبات پر بھی کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

اسرائیلی فوج کی طرف سے خوراک کی ترسیل روکنے اور کبھی نہ تھمنے والے فضائی حملوں سے مرنے والے غزہ کے رہائشیوں نے عید الفطر خاموشی سے منائی۔گزشتہ سال اکتوبر سے جاری غزہ پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 33,482 فلسطینی شہید اور 76,049 زخمی ہو چکے ہیں ، جن میں زیادہ تعداد عورتوں اور بچوں کی ہے۔

حماس سے منسلک میڈیا کا کہنا ہے کہ ان کے بیٹے جس کار میں سفر کر رہے تھے اسے غزہ شہر کے قریب الشطی کیمپ میں نشانہ بنایا گیا۔اسرائیلی فوج نے کہا کہ ہانیہ کے بیٹے حماس کے عسکری ونگ کے رکن تھے، اس دعوے کی ہانیہ نے تردید کرتے ہوئے کہا کہ میرا خاندان عید کے پہلے دن کی مناسبت سے خاندانی تقریب میں شرکت کے لئے جا رہا تھا۔

قطر میں موجود ہانیہ نے بتایا کہ ان کے تین بیٹے حازم، امیر اور محمد غزہ میں رہ گئے تھے،اسرائیل کے فضائی حملہ میں ہانیہ کے چار پوتے مونا، امل، خالد اور رزان بھی شہید ہونے والوں میں شامل ہیں۔ہانیہ نے اسے غدار اور بزدلانہ حملہ قرار دیا۔ہانیہ نے کہا کہ اس نے یہ خبر اس وقت سنی جب وہ زخمی فلسطینیوں کی عیادت کر رہے تھے جنہیں علاج کے لیے قطری دارالحکومت دوحہ لایا گیا تھا، جہاں حماس کے رہنما رہتے ہیں۔

انہوں نے کہا دشمن اگر یہ سوچتا ہے کہ جنگ بندی مذاکرات کے عروج پر میرے بیٹوں کو نشانہ بنا کے وہ حماس کو پوزیشن تبدیل کرنے پہ مجبور کر دے گا تو وہ خود فریبی میں مبتلا ہیں۔حماس کے ٹیلیگرام چینل پر انہوں نے بچوں اور پوتے پوتیوں کی شہادت کو اپنے لئے اعزاز کہہ کر خدا کا شکر ادا کیا۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان نے کہا کہ اس نے مرکزی غزہ کی پٹی میں حماس کے عسکری ونگ سے تعلق رکھنے والے اسماعیل ہانیہ کے تین بیٹوں کو ختم کر دیا،اسرائیلی بیان میں ہانیہ کے پوتے پوتیوں کی موت کا ذکر نہیں کیا گیا۔

واضح رہے کہ یہ ہانیہ کے خاندان کے پہلے افراد نہیں جو غزہ جنگ میں مارے گئے ہوں۔قبل ازیں فروری میں بھی ان کا ایک بیٹا شہید ہوا تھا، جب کہ اس کے بھائی اور بھتیجے کو اکتوبر میں اور نومبر میں ایک اور پوتے کو مار دیا گیا تھا۔اسماعیل ہانیہ 1980 سے تحریک کے نمایاں رکن اور وسیع پیمانے پر حماس کے مجموعی رہنما مانے جاتے ہیں ۔

1980 کی دہائی کے آخر میں اسرائیل نے پہلی فلسطینی مزاحمت کے خلاف کریک ڈاون کے دوران تحریک کے ایک اہم رکن کی حیثیت سے 1989 میں اسماعیل ہانیہ کو تین سال تک قید میں رکھا،اس کے بعد 1992 میں اسے حماس کے کئی دیگر رہنماؤں کے ساتھ اسرائیل اور لبنان کے درمیان ایک نو مینز لینڈ میں جلاوطن کر دیاگیا۔ایک سال کی جلاوطنی کے بعد وہ غزہ واپس آئے۔

1997 میں انہیں حماس کے روحانی پیشوا کے دفتر کا سربراہ مقرر کیا گیا جس سے ان کی پوزیشن زیادہ مضبوط ہوگئی۔حماس نے قومی انتخابات میں سب سے زیادہ نشستیں جیتنے کے بعد ہانیہ کو 2006 میں فلسطین کا وزیر اعظم مقرر کیا لیکن ایک سال بعد صدر محمود عباس نے انہیں برطرف کر دیا جس کے ردعمل میں حماس نے غزہ کی پٹی سے فلسطینی صدر کی الفتح پارٹی کو باہر نکال دیا تھا۔

ہانیہ نے برطرفی کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے صدر محمود عباس کے فیصلہ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ان کی حکومت فلسطینی عوام کے تئیں اپنی قومی ذمہ داریوں سے دستبردار نہیں ہوگی،حماس اپنے منڈیٹ کے مطابق غزہ میں حکومت جاری رکھے گی۔ وہ 2017 میں حماس کے سیاسی بیورو کے سربراہ منتخب ہوئے تو امریکی محکمہ خارجہ نے 2018 میں ان کا نام دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کر لیا۔ اب وہ گزشتہ کئی سالوں سے قطر میں مقیم ہیں۔

حماس کے زیر قیادت بندوق برداروں نے 7 اکتوبر کو اسرائیل پر حملہ کرکے 1200 افراد کو ہلاک اور 250 سے زائد کو یرغمال بنا لیا ، جس کے بعد سے اسرائیل نے غزہ شہر کی آبادیوں پہ مہلک اور کیمیائی ہتھیاروں سے بمباری کرکے لگ بھگ چالیس 34 ہزار شہریوں کو شہید کر دیا،جن میں زیادہ تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی طرف سے جنگ بندی کی قرارداد کے باوجود اسرائیل نے فضائی حملے روکے نہ اقوام متحدہ کے امدادی اداروں کو غزہ کے محصور شہریوں تک خوراک پہنچانے کی اجازت دی تاہم جنگ بندی معاہدے تک پہنچنے کے لیے بین الاقوامی دباؤ بڑھنے کے بعد امریکی صدر جو بائیڈن نے سی آئی اے کے سربراہ ولیم برنز کو تازہ ترین تجاویز کے ساتھ قاہرہ میں مذاکرات کا نیا دور شروع کرنے کے لیے بھیجا ہے۔جس پر حماس کا کہنا ہے کہ وہ جنگ بندی کے لئے دی گئی نئی تجاویز کا تجزیہ کر رہے ہیں۔

تازہ ترین تجاویز میں مبینہ طور پر غزہ میں قید 40 اسرائیلی یرغمالیوں کے بدلے اسرائیلی جیلوں میں قید 900 فلسطینیوں کی رہائی کی پیشکش شامل ہے۔امریکہ کی طرف سے جنگ کی بندی کی کوششوں کے دوران اسرائیل نے دمشق میں ایرانی سفارت خانہ پہ حملہ کرکے خطہ میں کشیدگی بڑھا دی،چنانچہ توقع کے عین مطابق ایران نے سنیچر اور اتوار کی درمیانی شب براہ راست بیلسٹک میزائلوں سے حملہ کرکے اسرائیلی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنا کر غزہ جنگ کے پورے مڈل ایسٹ تک پھیلنے کے امکان کو بڑھا دیا اگرچہ ایرانی حملہ محدود اور علامتی تھا۔

اقوام متحدہ میں ایرانی مندوب نے سلامتی کونسل کو خط لکھ کر واضح کیا کہ حملہ دمشق میں ایرانی سفارت خانہ پہ اسرائیلی حملہ کا جواب تھا، ایران جنگ کو بڑھانا نہیں چاہتا تاہم اسرائیل نے سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کی درخواست دے دی جس پہ اتوار کی شام سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کیا جا رہا ہے۔

امریکی حکام نے جمعہ کو کہا تھا کہ پینٹاگون مشرق وسطیٰ میں اپنی موجودگی بڑھائے گا ، جب کہ اسرائیل بھی شام میں اپنے سفارت خانے پہ حملے کا بدلہ لینے کی دھمکی دینے والے ایران کے جوابی حملہ کے لیے تیار ہے۔ صدر بائیڈن نے جمعہ کے روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایران کو خبردار کیا تھا کہ وہ حملہ نہ کرے لیکن توقع کے عین مطابق ایران نے اسرائیل پہ براہ راست حملہ کرکے غزہ جنگ کی حرکیات کو بدل دیا تاہم اسرائیل پہ ایرانی حملہ کے جواب میں ابھی تک امریکی حکام نے یہ نہیں بتایا کہ ممکنہ جوابی کارروائی براہ راست ایران کے خلاف ہوگی یا ایران کے حمایت یافتہ یمن کے ان حوثیوںکو ہدف بنایا جائے گا جنہوں نے بحیرہ احمر میں یوروپ و امریکی کے تیل بردار جہازوں کونشانہ بنا کر مغربی ممالک کو تیل کی ترسیل دشوار بنا دی ہے ۔

شاید پینٹاگون مشرق وسطی میں اسی لئے اپنی موجودگی کو بڑھا رہا ہو کہ ریڈ سی اور نہر سویز کے راستے تیل کی ترسیل کے نظام کو ریگولیٹ کیا جا سکے تاہم اسرائیل پہ ایرانی حملہ کے بعد امریکہ کی جوابی کارروائی جنگ کے دائروں کو پورے مڈل ایسٹ بلکہ یورپ تک پھیلا سکتی ہے۔

ایک دفاعی اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر حساس اور جاری فوجی نقل و حرکت بارے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ، وہ علاقائی ڈیٹرنس کو تقویت دینے اور امریکی افواج کے لیے تحفظ کے احساس کو بڑھانے کے لیے اضافی اثاثے مڈل ایسٹ منتقل کر رہے ہیں،یہ پیش قدمی بھی بائیڈن انتظامیہ کی اِسی تشویش کو ظاہر کرتی ہے کہ غزہ جنگ کے دوران اسرائیل کی حمایت کے باعث مشرق وسطیٰ میں ایرانی حمایت یافتہ گروپ بحیرہ احمر میں یوروپ و امریکہ کو تیل کی ترسیل میں رخنہ ڈال رہے ہیں۔

واشنگٹن میں حکام نے یکم اپریل کو دمشق میں ایرانی سفارت خانہ پر ہونے والے اُس حملے میں امریکہ کے ملوث ہونے کی تردید کی ہے جس میں دو ایرانی فوجی کمانڈر مارے گئے تھے۔ تہران نے بھی اس حملے کا الزام اسرائیل پر عائد کرتے ہوئے جوابی کارروائی کی ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق پینٹاگون کے سینئر رہنما اس بات پر مایوس تھے کہ اسرائیل نے دمشق حملے سے پہلے امریکی حکومت کو خبردار کیوں نہیں کیا، وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے اپنے اسرائیلی ہم منصب، وزیر دفاع یوو گیلنٹ سے براہ راست شکایت کی اور خطے میں امریکی فوجیوں اور مفادات کے لیے مضمرات پرتشویش کا اظہار کیا ۔

ملک محمد اسلم اعوان سینئر صحافی اور کالم نگار ہیں، افغانستان میں امریکا کی طویل جنگ کی گراؤنڈ رپورٹنگ کی، قومی سیاسی امور، معیشت اور بین الاقوامی تعلقات پر لکھتے ہیں، افغانستان میں امریکی کی جنگ کے حوالے سے کتاب جنگ دہشتگردی، تہذیب و ثقافت اور سیاست، کے مصنف ہیں۔

Continue Reading
1 Comment

1 Comment

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

تازہ ترین13 گھنٹے ago

اولمپکس کی افتتاحی تقریب سے پہلے فرانس میں ٹرین نیٹ ورک پر حملے

تازہ ترین13 گھنٹے ago

جماعت اسلامی نے راولپنڈی اور اسلام آباد میں مختلف مقامات پر دھرنا دے دیا، مذاکرات کے لیے تیار ہیں، وفاقی وزیر اطلاعات

تازہ ترین14 گھنٹے ago

صدر مملکت نے سپریم کورٹ میں دو ایڈہاک ججز کی تعیناتی کی منظوری دے دی

پاکستان15 گھنٹے ago

عمران خان کی رہائی کے لیے پی ٹی آئی جیل بھرو تحریک شروع کرے، دو گھنٹے کی بھوک ہڑتال مذاق ہے، نثار کھوڑو

تازہ ترین16 گھنٹے ago

ہمارے نام پر ڈالر لے کر وسائل کھائے گئے، بطور وزیراعلیٰ اعلان کرتا ہوں صوبے میں کہیں بھی آپریشن نہیں کرنے دوں گا، علی امین گنڈا پور

پاکستان17 گھنٹے ago

رومانیہ میں پاکستان نیوی کے آف شور پٹرول ویسل پی این ایس حنین کی کمیشننگ تقریب

تازہ ترین18 گھنٹے ago

کراچی میں رات کے اوقات میں لوڈ شیڈنگ نہیں ہوگی، نیپرا نے کے الیکٹرک کو ہدایت جاری کردی

پاکستان18 گھنٹے ago

پنجاب میں متوفی سرکاری ملازمین کے اہل خانہ کو ملازمت دینے کا قانون ختم

مقبول ترین