ٹاپ سٹوریز
عام انتخابات 8 فروری 2024 کو کرانے پر اتفاق ہوگیا
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کے درمیان ملک میں عام انتخابات کی تاریخ پر اتفاق رائے ہوگیا۔
ایوان صدر کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ عام انتخابات 8 فروری 2024 کو کروانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
On today’s order of the Supreme Court of Pakistan, the Chief Election Commissioner of Pakistan, Mr. Sikandar Sultan Raja, along with the Attorney General for Pakistan, Mr. Mansoor Usman Awan, and four members of the Election Commission of Pakistan, came to meet pic.twitter.com/1uXi7v7Y7N
— The President of Pakistan (@PresOfPakistan) November 2, 2023
اس سے قبل چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے الیکشن کی تاریخ سے متعلق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو خط لکھا تھا۔
الیکشن کمشنر کی جانب سے صدر کو لکھے گئے خط میں 11 فروری کو الیکشن کروانے کی تجویز دی گئی تھی، خط میں کہا گیا تھا کہ سپریم کورٹ کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے 11فروری کو عام انتخابات کی تاریخ تجویز کرتے ہیں۔
اس سے قبل صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ اور اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان کی ملاقات ہوئی تھی، جس میں الیکشن کمیشن کی جانب سے 11 فروری کو انتخابات کروانے کی تجویز دی گئی تھی۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے11 فروری کو انتخابات کے لیے موزوں قرار دیا گیا تھا، الیکشن کمیشن نے 28 جنوری، 4 فروری اور 11 فروری کی تاریخوں پر رائے دی تھی۔
اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے صدر مملکت عارف علوی کو عدالتی حکم سے آگاہ کیا تھا۔
Attorney General for Pakistan, Mr. Mansoor Usman Awan, called on President Dr. Arif Alvi, at Aiwan-e-Sadr, Islamabad. pic.twitter.com/GLc3pKAA1w
— The President of Pakistan (@PresOfPakistan) November 2, 2023
یاد رہے کہ اس سے قبل چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے 90 روز میں الیکشن کروانے کے کیس کی سماعت کے دوران کہا کہ جو تاریخ دی جائے گی اس پر عمل کرنا ہوگا، سپریم کورٹ صرف انتخابات چاہتی ہے کسی اور بحث میں نہیں پڑنا چاہتے، انتخابات کی تاریخ دینے کے بعد کسی درخواست کو نہیں سنا جائے گا۔
سپریم کورٹ کی جانب سے کہا گیا کہ عدالت امید کرتی ہے کہ صدر سے ملاقات کے بعد تمام معاملات حل ہو جائیں گے، صدر مملکت سے ملاقات کے بعد کل سپریم کورٹ کو آگاہ کیا جائے۔
سپریم کورٹ کی جانب سے کہا گیا کہ صدر سمیت جو ملاقات میں موجود ہوگا ان کے دستخط لیے جائیں۔
سپریم کورٹ نے عام انتخابات کی تاریخ دینے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابات کی تاریخ سے متعلق کل ہی عدالت کو بتایا جائے۔
عدالت نے اٹارنی جنرل کو صدر مملکت سے الیکشن کمیشن کے رابطے کا انتظام کروانے کا بھی حکم دیا تھا۔
چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن صدر کے پاس ضرور جائے اور دروازے پر دستک دے، عدالت توقع کرتی ہے الیکشن کمیشن اور صدر تاریخ مقرر کر کے کل عدالت کو بتائیں گے اور انتخابات کی جو بھی تاریخ طے کی جائے اس پر سب کے دستخط ہوں۔