پاکستان
ججز مقدمات پر فیصلے دیں ورنہ ان پر سوالات اٹھیں گے، علیمہ خان
بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان کا کہنا ہے کہ اب چپ نہیں بیٹھ سکتے، ججز کے ساتھ کھڑے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی نے کوئی ڈیل نہیں کرنی ہے۔ تمام حدیں پار کی گئیں، ججز کیسز پر فیصلہ دیں ورنہ ججز پر سوالات اٹھیں گے.
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان کا مزید کہنا تھا کہ اب جب تمام کیسز ختم ہونے پر آگئے ہیں اور صرف سائفر کیس رہ گیا ہے ایسے میں اب یہ نیا کیس بنانے جارہے ہیں۔ عمران خان نےایمانداری سے تمام مقدمات کا سامنا کیا ہے۔اب حد ہوچکی ہے، ہم صبر کے ساتھ کھڑے ہیں، ان کا خیال ہے کہ ہم گھر بیٹھے رہیں گے، ہم اڈیالہ جیل کے باہر بیٹھ جائیں گے، جیل بھی بھر دیں گے، عثمان گل پر بھی دہشتگردی کا پرچہ ڈال دیا گیا۔ 9 مئی پر عمران خان بھی چاہتے ہیں جوڈیشل کمیشن بنائی جائے،ہم چیف جسٹس سے امید کرتے ہیں کہ اس معاملے کی جوڈیشل تحقیقات کی جائیں۔جن لوگوں نے سی سی ٹی وی فوٹیج چوری کی ہے ان کو سامنے لایا جائے۔
علیمہ خان نے دعویٰ کیا کہ بانی پی ٹی آئی کے پاس ڈیتھ سیل کا کمرہ ہے وکلا سے نہیں ملنے دیا گیا۔ عدالت کا حکم آچکا ہے، عمران خان کے خون کی رپورٹ ہمیں نہیں دی جا رہی۔ عمران خان کو کوئی اے سی بھی فراہم نہیں کیا گیا یہ کچھ قوم کھلی آنکھوں سے دیکھ رہی ہے۔