پاکستان
جسٹس محسن اختر کیانی نے بدنیتی پر مبنی سوشل میڈیا مہم پر توہین عدالت کارروائی کے لیے خط لکھ دیا
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس بابر ستار کے بعد جسٹس محسن اختر کیانی نے بھی بد نیتی پر مبنی مہم پر توہین عدالت کی کارروائی کا آغاز کرنے کیلئے چیف جسٹس عامر فاروق کو خط لکھ دیا ہے۔
بدنیتی پر مبنی مہم پر توہین عدالت کی کارروائی کیلئے ایک اور خط سامنے آگیا ہے۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے بھی چیف جسٹس کو توہین عدالت کی کارروائی کے لیے خط لکھ دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق خط میں کہا گیا ہے کہ بد نیتی پر مبنی مہم پر توہین عدالت کی کارروائی شروع کی جائے۔ اس سے قبل جسٹس بابر ستار نے بھی چیف جسٹس عامر فاروق کو بد نیتی پر مبنی مہم کیخلاف خط لکھا تھا۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ روز چیف جسٹس عامر فاروق کی جانب سے جسٹس بابر ستار کے خط کو باقاعدہ درخواست میں تبدیل کر کے توہین عدالت کی کارروائی کا آغاز کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چھ ججز کی جانب سے ایگزیکٹو کی عدلیہ کے معاملات میں مداخلت کے حوالے سے سپریم جوڈیشل کونسل کو خط لکھا گیا تھا جس کے بعد سوشل میڈیا پر ججز کیخلاف بدنیتی پر مبنی منظم مہم چلائی گئی تھی۔