پاکستان
کراچی میں آج رات گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان
محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹر کے مطابق آج شام تا رات گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔غربی سسٹم کا پھیلاؤ مشرقی بلوچستان پر برقرار ہے،اس سسٹم کے اثرات کے سبب اگلے 2 سے 3 روز کے دوران دیہی سندھ کے مختلف اضلاع میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے،سندھ کے کچھ اضلاع میِں 5 مئی کو بھی بارشیں متوقع ہیں۔
پیر کی شب کراچی میں بادل دوبارہ جم کربرسے،سب سے زیادہ بارش اورنگی ٹاون میں 16ملی میٹر ریکارڈ ہوئی،میمن گوٹھ ملیر میں ژالہ باری بھی ہوئی، آج منگل سے موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے۔
پیر کودن بھرکراچی کا مطلع گرم اورمرطوب رہنے کے بعد شہر کے مضافاتی علاقوں میں بادل بننے کا سلسلہ شروع ہوا،جس کے نتیجے میں تیز دھوپ کے دوران گلشن حدید، پیپری،اسٹیل ٹاون ، بھینس کالونی میں بارش کا سلسلہ شروع ہوا،جو پیر کی رات تک دیگر علاقوں تک پھیل گیا۔
اس دوران سپرہائی وے،ملیرکینٹ،گلشن حدید،کراچی ائیرپورٹ،ماڈل کالونی،گلستان جوہرسمیت مختلف علاقوں میں درمیانی اورتیزبارش ہوئی جبکہ ناظم آباد ، گلبہار، لیاقت آباد ، نارتھ ناظم آباد ، لسبیلہ پل ،پاک کالونی ، سائٹ ،بلدیہ میں بادلوں کا راج رہا۔
واضح رہے کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے پیر کی شام تا رات گرج چمک کے ساتھ بارش کی قبل ازوقت پیش گوئی کردی گئی تھی۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے پیر کی شب ہونے والی بارش کےجاری اعدادو شمار کے مطابق سب سے زیادہ بارش اورنگی ٹاون میں 16 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی،جناح ٹرمینل پر 7.6جبکہ یونیورسٹی روڈ پر 6 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔