پاکستان
کراچی: غلط پارک کی گئی گاڑیوں کے لفٹنگ چارجز عید تک ختم کر دیے گئے
کراچی ٹریفک پولیس نے عید تک شہر کے بازاروں میں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے لفٹنگ چارجز ختم کردیے۔
چاند رات تک غلط پارکنگ میں کھڑی گاڑیوں کو ہٹایا جائے گا تاہم گاڑیاں ہٹانے کی فیس وصول نہیں کی جائیگی۔
ڈی آئی جی ٹریفک احمد نواز چیمہ نے شہر کی مختلف مارکیٹوں اور شاپنگ مراکز کے دورے میں بتایا کہ بازاروں میں پارکنگ کی مخصوص جگہیں فراہم کی گئی ہیں تاہم شدید رش کے باعث غلط پارک کی گئی گاڑیوں کو ہٹانے کے لفٹنگ چارجز وصول نہیں کیے جائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ پارکنگ کا ٹھیکہ ڈی ایم سیز کے پاس ہے، کراچی ٹریفک پولیس کی جانب سے افطار کے اوقات میں چالان بھی نہیں کیے جارہے اور عام ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر محض تنبیہ کرکے چھوڑا جارہا ہے۔