پاکستان
خواجہ آصف اور محسن نقوی کا لاہور ایئرپورٹ کا دورہ، مسافروں کے لیے موجود سہولتوں پر عدم اطمینیان کا اظہار
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی اور وفاقی وزیرایوی ایشن و دفاع خو اجہ محمد آصف نے علامہ اقبال ائرپورٹ لاہور کا 2 گھنٹے طویل دورہ کیا۔ وفاقی وزراء نے ائرپورٹ پر مسافروں کےلئے موجود سہولتوں پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے امیگریشن کے مسائل فوری حل اورمسافروں کے لئے سہولتیں بڑھانے کی ہدایت کی۔
وفاقی وزرا نے بیرون ملک جانے والے مسافروں کی تلاشی کے عمل کو آسان اور تیز کرنے کا حکم دیا۔ اے ایس ایف،اے این ایف اور کسٹمز کے حکام کو سرچ کو سہل بنانے کا قابل عمل پلان اگلے 24 گھنٹے میں تیار کرکے پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔
خواجہ آصف نے کہا کہ لاہور ائیرپورٹ پر کامیاب تجربے کے بعد سرچ کے عمل کو دیگر ائرپورٹس پر بھی شروع کیا جائے گا۔ائرپورٹس پر مسافروں کی آمدورفت سہل بنانے کے لئے متعلقہ اداروں کو فوری اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔
وزیرداخلہ محسنن نقوی نے بیرون ملک آمد اور روانگی ٹرمینل پر امیگریشن کے کاونٹرز میں اضافے کا حکم دیا اور کہا کہ مسافروں کو انتظار کی زحمت سے بچانے کیلئے فوری طور پر امیگریشن کاونٹرز کی تعداد بڑھائی جائے۔3 روز میں امیگریشن کاونٹرز میں اضافے کا حتمی پلان پیش کیا جائے۔
محسن نقوی نے کہا کہ امیگریشن کاونٹرز بڑھنے سے مسافروں کو انتظار سے نجات ملے گی۔مسافروں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے کے لئے آوٹ آف باکس اقدامات کئے جائیں۔
وفاقی وزراء نے امیگریشن کاونٹرز پر مسافروں کے لئے انتظامات کاجائزہ لیا، اے این ایف۔ اے ایس ایف اور کسٹمز کے سرچ کے عمل کا بھی مشاہدہ کیا۔
وفاقی وزراء کی زیر صدارت ائرپورٹ کے کانفرنس روم میں اجلاس میں ائرپورٹ پر مسافروں کی سہولت کیلئے اقدامات کے بارے بریفنگ دی گئی۔
لاہور ائرپورٹ پر بیرون ملک جانے والے مسافروں کی سہولت کیلئے امیگریشن کاونٹرز میں اضافہ ہوگا،سرچ کا طویل اور 3 درجاتی عمل کو آسان اور تیز بنایا جائے گا۔
ڈپٹی ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی، اے این ایف کے کرنل شوکت، ایف آئی اے لاہور کے ڈائریکٹر سرفراز ورک، اے ایس ایف، کسٹمز اورعلامہ اقبال انٹرنیشنل ائرپورٹ کے اعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔