پاکستان
لاہور سیالکوٹ موٹروے بہتر کریں گے، بہترین ٹرین سروس شروع کریں گے، نواز شریف
سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف نے کہا ہے کہ لاہور سیالکوٹ موٹروے کا معیار بہتر کریں گے،لاہور سے سیالکوٹ بہترین ٹرین سروس چلائیں گے۔
سیالکوٹ میں انتخٓابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ سب کو دل کی گہرائیوں سے سلام پیش کرتا ہوں،آپ نے جس محبت کا اظہار کیا اس پر کہتا ہوں آئی لو یو ٹو،سیالکوٹ کو آج بار بار کہنے کو دل کرتا ہے نوازشریف لو یو ٹو،سیالکوٹ باوفا اور بہادر لوگوں کا شہر ہے۔
سیالکوٹ سے لیگی رہنما اور سابق وزیر دفاع خواجہ آصف کے متعلق نواز شریف نے کہا کہ خواجہ آصف سے 34 سال کا تعلق نہیں 55 سال کا تعلق ہے،خواجہ آصف میرے ساتھ گورنمنٹ کالج لاہور میں تھے،خواجہ آصف اور میں نے ایک ساتھ گریجویشن کی،خواجہ آصف کے والد بہترین سیاستدان اور مشفق انسان تھے،فخرہے خواجہ آصف اور ان کے والد نے میری سیاسی ٹریننگ کی۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ عوام کو درپیش مسائل کو حل کرایا ہے،آئندہ بھی کرائیں گے،خواجہ آصف سے پوچھا تھا سیالکوٹ کیسے آئیں؟پوچھا جہاز سے آئیں،ہیلی کاپٹر سے آئیں یا سڑک کے ذریعے آئیں،لاہور سیالکوٹ موٹر وے ہم نے بنائی لیکن افتتاح کا موقع نہیں ملا،جس معیار کی موٹر وے بنانا چاہتا تھا وہ اس طرح کی نہیں بن سکی،موٹروے عالمی معیار کے مطابق ہونی چاہئے تھی،موقع ملا تو دوبارہ موٹر وے کو مزید بہتر بنائیں گے،میرے منصوبے میں ہے لاہور سے سیالکوٹ کیلئے بہترین ٹرین سروس چلائیں گے۔
نوازشریف نے کہا کہ کون کہتا ہے نوجوان نسل مسلم لیگ (ن) کے ساتھ نہیں ہے،آج بھی 30 سال سے کم عمر نوجوانوں کی کثیر تعداد مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ہے،نوجوانوں کو ان کے پاؤں پر کھڑا کریں گے،کاروبار کیلئے قرض دیں گے،پہلے بھی نوجوانوں کو لیپ ٹاپ دیئے ہیں،اس بار بھی دیں گے،شہبازشریف نے آپ سے لیپ ٹاپ اور آئی پیڈ کی بات کی سب کو ملیں گے،ہر نوجوان تک پہنچنے کی کوشش کریں گے،انہیں آسانیاں فراہم کریں گے۔
نوازشریف نے کہا کہ2018 میں جیسا پاکستان چھوڑ کر گیا تھا آج اس سے کہیں زیادہ پیچھے ہے،نوجوان آج بھی روزگار سے محروم ہیں،ان کے ہاتھوں میں ڈگریاں ہیں،میری حکومت ختم نہ ہوتی تو پاکستان دنیا میں بہترین مقام پر نظر آتا،اپنے دور میں روٹی 4 روپے کی چھوڑ کر گیا تھا آج 20 روپے کی ہے،چینی 50 روپے کلو تھی جو آج 140 روپے میں بھی نہیں ملتی،اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوچکا ہے،4 سال کی حکومت میں عوام کے ساتھ بہت زیادہ ناانصافی ہوئی ہے،عوام کو جن محرومیوں کا سامنا رہا ہے اسے اقتدار میں آنے کے بعد دور کریں گے۔