ٹاپ سٹوریز
لاہور آج بھی فضائی آلودگی میں پہلے نمبر پر، لاہور ہائیکورٹ نے رات دس بجے مارکیٹس بند کرنے کا حکم دے دیا
لاہور ہائیکورٹ نے اسموگ کے تدارک کے لیے تجارتی سرگرمیاں کو رات دس بجے بند کروانے کی ہدایت کردی۔
جسٹس شاہد کریم نے شہری ہارون فاروق سمیت دیگر کی درخواستوں پر تحریری حکم جاری کردیا۔
تحریری حکم میں کہا گیا ہے کہ سی سی پی او لاہور رات دس بجے تجارتی سرگرمیاں بند کروانے کے حکم پر عملدرآمد کروائیں۔ ہفتے میں دو دن ورک فرام ہوم کا نوٹیفکیشن نجی اداروں ،بنکوں سمیت جاری کیا جائے۔،گرین بیلٹ کو نقصان پہنچانے والے فارم ہاؤسز کو گرایا جائے۔
ہائیکورٹ کے متعدد احکامات کے بعد کئے گئے اقدامات کے باوجود لاہور کا فضائی معیار آج صبح کے اوقات میں بھی انتہائی مضرِ صحت ہے۔
ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں لاہور آج صبح دوسرے نمبر پر رہا جہاں فضائی معیار 280 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کیا گیا۔
ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق کراچی کا فضائی معیار بھی آج انتہائی مضرِ صحت ہے، آج صبح کراچی آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر رہا اور یہاں کی فضا میں آلودگی 230 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی۔
دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں بھارتی دارالحکومت دہلی پہلے نمبر پر ہے جہاں کی فضا میں آلودگی 321 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ ہوئی ہے۔
علاوہ ازیں لاہور میں اسموگ کے باعث نزلہ زکام، بخار اور گلے میں انفیکشن کی شکایات اب بھی سامنے آ رہی ہیں جبکہ کراچی میں بھی فضائی آلودگی کے باعث شہری کھانسی اور دیگر انفیکشنز میں مبتلا ہو رہے ہیں۔