پاکستان
190 ملین پاؤنڈ کیس میں وکلا صفائی پیش نہ ہوئے، سماعت 23 اگست تک ملتوی
بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کیخلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت 23 اگست تک ملتوی کردی گئی۔ سماعت ملزمان کے وکلاء کی عدم دستیابی کے باعث ملتوی کی گئی۔ نیب کے تفتیشی افسر میاں عمر ندیم پر آج آٹھویں مرتبہ بھی جرح نہ ہوسکی۔ نیب پراسیکیوٹر نے وکلاء صفائی کی عدم پیشی کو تاخیری حربے قرار دیتے ہوئے کہا کہ تین مرتبہ اگر گواہ پر جرح نہ ہو تو حق دفاع ختم ہو جاتا ہے۔
اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس پر سماعت کے موقع پر بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کو کمرہ عدالت پیش کیا گیا ملزمان کی جانب سے بیرسٹر علی ظفر عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ ہمارے کونسل اسلام آباد ہائیکورٹ میں مصروف ہیں۔
اس پر نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر عباسی نے اپنے دلائل میں کہا کہ وکلاء صفائی آج آٹھویں مرتبہ تفتیشی افسر پر جرح نہیں کر رہے اور یہ سب تاخیری حربے ہیں، اسلام آباد ہائیکورٹ نے ٹرائل جاری رکھنے کا حکم دیا ہے، تین مرتبہ اگر گواہ پر جرح نہ ہو تو حق دفاع ختم ہو جاتا ہے، ہم نے تو تاحال حق دفاع ختم کرنے کی درخواست بھی نہیں کی لہذا عدالت وکلاء صفائی کو پابند کرے کہ وہ نیب تفتیشی افسر پر اپنی جرح مکمل کریں۔
عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے سماعت 23 اگست تک ملتوی کردی۔