پاکستان
انڈونیشیا میں پھنسے طیارے لیزنگ کمپنی نے پی آئی اے کو فروخت کرنے پر رضامندی ظاہر کردی
پی آئی اے کے انڈونیشیا میں پھنسے طیاروں کو پاکستان کوفروخت کرنے کے لیے لیزنگ کمپنی نے نیم رضامندی ظاہرکردی،7رکنی پاکستانی وفد سے مذاکرات جاری ہیں۔
ذرائع کے مطابق جکارتہ (انڈونیشیا) میں پھنسے پی آئی اے کے دو طیاروں کے معاملے پرکوالالمپور (ملائیشیا) میں ہونے والے مذاکرات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے،جس کے بعد یہ امکان پیداہوگیا ہے کہ 2سال سے التواکا شکارمعاملے کا نہ صرف تصفیہ ہوجائےگابلکہ جلد پی آئی کے ائیربس ساختہ طیارے فضائی بیڑے میں شامل ہوجائینگے۔
ذرائع کے مطابق لیزنگ کمپنی ائیر ایشیا سے طیاروں کا معاملہ حل کرنے کے حوالے سے مذاکرات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے،اورلیزنگ کمپنی نے طیاروں کی فروخت کے حوالے سے نیم رضامندی ظاہرکی ہے۔
اس معاملے کا تصفیہ ہونے کے بعدحکومت کی منظوری کے بعد پی آئی اے ساورن گارنٹی کے بعد پی آئی اے لیزنگ کمپنی کو ادائیگیاں کردےگی،طیارے قومی ائیرلائن کے بیڑے میں شامل ہونے سے فلائٹ آپریشن میں بہتری آسکتی ہے۔
دوائیربس 320 طیارے لیزنگ کمپنی سے تنازعہ کے سبب ستمبر 2021 سے جکارتہ میں کھڑے ہیں،واضح رہے کہ طیاروں کی ری ڈیلیوری کے لیے سیکریٹری ایوی ایشن کی سربراہی میں پی آئی اے کے سی ای اوسمیت 7رکنی اعلیٰ سطح وفدگذشتہ دنوں ملائیشیا روانہ ہواتھا۔