پاکستان
لانگ مارچ توڑ پھوڑ کیس، عمران خان کے پروڈکشن آرڈر کی درخواست پر نوٹس جاری
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے لانگ مارچ توڑپھوڑ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کے پروڈکشن آرڈر کی درخواست پر نوٹس جاری کرکے جواب طلب کرلیا۔
اسلام آباد کے جوڈیشل مجسٹریٹ احمد شہزاد گوندل کی عدالت میں چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف لانگ مارچ توڑپھوڑ کیس کی سماعت ہوئی۔
چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل نعیم پنجوتھا عدالت پیش ہوئےاورکہا کہ ہم چیئرمین پی ٹی آئی کو عدالت میں پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کی درخواست دینا چاہتے ہیں۔
عدالت نے استفسار کیاآپ پہلی مرتبہ یہاں پیش ہوئے،درخواست دے دیں ہم دیکھ لیتے ہیں۔
وکیل صفائی نےکہا کہ انہوں نے پھر بہانہ بنا لینا ہے کہ سیکورٹی مسائل ہیں۔ اسد عمرکی جانب سے حاضری استثنا درخواست دائر کی گئی جو عدالت نے منظور کرلی۔
عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کی درخواست پر نوٹس جاری کرکے جواب طلب کرلیااور سماعت 9 دسمبر تک ملتوی کر دی۔
چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف تھانہ کوہسار میں دو اور تھانہ سیکرٹریٹ میں ایک مقدمہ درج کیاگیاتھا۔