Urdu Chronicle

Urdu Chronicle

ٹاپ سٹوریز

خفیہ ملاقاتوں سے معاملات نہیں چل سکتے، آڈیو لیکس کمیشن کالعدم قرار نہیں دیا،تحقیقات کے لیے طریقہ کار سے آئیں، چیف جسٹس

Published

on

سپریم کورٹ میں پنجاب الیکشن فیصلے پر الیکشن کمیشن کی نظرثانی درخواست پر سماعت کے دوران چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیئے کہ خفیہ ملاقاتوں سے معاملات نہیں چل سکتے،چیف جسٹس صرف ایک ہی ہوتا ہے، ہم نے میمو گیٹ، ایبٹ آباد کمیشن اور شہزاد سلیم قتل کے کمیشنز کا نوٹیفکیشن دکھایا،تمام جوڈیشل کمیشنز میں چیف جسٹس کی مرضی سے کمیشن تشکیل دیے جاتے ہیں،کسی چیز پر تحقیقات کرانی ہیں تو باقاعدہ طریقہ کار سے آئیں،میں خود پر مشتمل کمیشن تشکیل نہیں دوں گا لیکن کسی اور جج سے تحقیقات کرائی جا سکتی ہیں۔

پنجاب الیکشن فیصلے پر نظرثانی درخواست کی سماعت چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی، جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر تین رکنی بنچ کا حصہ ہیں۔

سماعت کے آغاز پر اٹارنی جنرل نے عدالت سے کہا کہ میں کچھ بات کرنا چاہتا ہوں،صدر مملکت کی منظوری کے بعد نظرثانی قانون بن چکا ہے۔ سپریم کورٹ کے نظرثانی قوانین کا اطلاق جمعہ سے ہو چکا، اس پر جسٹس منیب اختر نے کہا کہ نظرثانی قانون سے متعلق سن کر الیکشن کمیشن کے وکیل کے چہرے پرمسکراہٹ آئی ہے۔

چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ جمعرات کو جوڈیشل کمیشن والا کیس مقرر ہے،آپ اس بارے بھی حکومت سے ہدایات لے لیں۔ نیا قانون آچکا ہے ہم بات سمجھ رہے ہیں۔

اٹارنی جنرل نے بتایا کہ سپریم کورٹ کے اصل دائرہ اختیار آرٹیکل 184 تین کے کیسز میں نظرثانی کا قانون بنایا گیا ہے، سپریم کورٹ کے نظر ثانی اختیار کو وسیع کیا گیا ہے۔

چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ آج سماعت ملتوی کر دیتے ہیں۔تحریک انصاف کو بھی قانون سازی کا علم ہوجائے گا،یہ عدالت عدلیہ کی آزادی کے قانون کو لاگو کرتی ہے،سمجھتے ہیں کہ آرٹیکل 184 تین کے دائرہ اختیار کے کیسز میں نظرثانی ہونی چاہیے،سپریم کورٹ کے ہی فیصلے آرٹیکل 187 کے تحت نظرثانی کے دائرہ اختیار کو بڑھانے کا راستہ دے رہے ہیں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ جج کی جانبداری کا بھی معاملہ اٹھایا گیا ہے،کیوریٹیو ریویو کا جو معاملہ آپ نے اٹھایا اس کو بھی دیکھ رہے ہیں، دوسری جانب سے کون آیا ہے؟

اٹارنی جنرل نے کہا کہ علی ظفر آج نظر نہیں آئے، اس پر چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کیا آپ نے علی ظفر کو کچھ برا کہا ہے؟۔ اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ میں نے بیرسٹر علی ظفر کو کچھ نہیں کہا۔

چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ چیف جسٹس پاکستان کے پاس جوڈیشل کمیشن کیلئے ججز نامزدگی کا اختیار ہے،جوڈیشل کمیشن کیس میں آپ نے موقف دیا،مجھے سمجھ نہیں آئی کہ حکومت نے چیف جسٹس کے اختیار والے اصول کو کیوں توڑا؟ موجودہ ملکی حالات کو ٹھیک کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے،ہم چاہتے ہیں عوام کی بھلائی کا کام ہو،آپ نے آڈیو لیکس کمیشن کیس میں ہمارا حکمنامہ پڑھا ہوگا،ذہن میں رکھیں کہ عدالت نے کمیشن کالعدم قرار نہیں دیا،عدالت نے عدلیہ کی آزادی کا تحفظ کرنا ہے،خفیہ ملاقاتوں سے معاملات نہیں چل سکتے،چیف جسٹس صرف ایک ہی ہوتا ہے، ہم نے میمو گیٹ، ایبٹ آباد کمیشن اور شہزاد سلیم قتل کے کمیشنز کا نوٹیفکیشن دکھایا،تمام جوڈیشل کمیشنز میں چیف جسٹس کی مرضی سے کمیشن تشکیل دیے جاتے ہیں،کسی چیز پر تحقیقات کرانی ہیں تو باقاعدہ طریقہ کار سے آئیں،میں خود پر مشتمل کمیشن تشکیل نہیں دوں گا لیکن کسی اور جج سے تحقیقات کرائی جا سکتی ہیں،یہ سیاسی پارہ معیشیت اور امن و امان کو بہتر نہیں کرے گا۔

چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تمام معاملات کو شفافیت سے لے کر چلیں،خوشی ہے کہ نظرثانی کا نیا قانون صرف آرٹیکل 184 تین تک محدود ہے،9 مئی کے واقعات کے بعد ایک سلور لائننگ یہ ہو سکتی ہے کہ اداروں کی عزت بحال ہو،9 مئی کے واقعات میں امید کی کرن تلاش کریں،آپس میں فاصلے کم کریں، سسٹم میں توازن اور امن لے کر آئیں،درست راستے کا انتخاب کریں، پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ میں آپ نے نیا دائرہ اختیار متعارف کرایا۔

کیس کی سماعت غیرمعینہ مدت تک ملتوی کردی گئی۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین