ٹاپ سٹوریز
مولانا فضل الرحمان نے الیکشن مؤخر کرنے کا مطالبہ کردیا
جمیعت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے الیکشن مؤخر کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان حالات میں کیسے انتخابات ہو سکتے ہیں، الیکشن چند دن مؤخر ہو جائیں تو کوئی حرج نہیں۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے انتخابات مؤخرکرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ چند ماہ قبل باجوڑ میں ہمارے 73 ساتھی شہید ہوئے، رات کو جو واقعہ ہوا یہ بے امنی کا واقعہ ہے، میں گھر میں تھا، رات کے واقعے میں ہماری گاڑیوں پر گولیاں لگیں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ الیکشن میں جانا چاہتے ہیں لیکن ماحول بھی ہونا چاہیے، ان حالات میں کیسے انتخابات ہو سکتے ہیں، انتخابات چند دن مؤخر ہو جائیں تو کوئی حرج نہیں، الیکشن کمیشن ہماری درخواست پر غور کرے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ہی نہیں، اختر مینگل کے کاغذات بھی مسترد ہوئے۔
گزشتہ رات قافلے پر ہونے والی فائرنگ سے متعلق مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ جو واقعہ کل رات ہوا، وہ بےامنی کا واقعہ ہے۔
انکا کہنا تھا کہ افغانستان اور پاکستان میں استحکام دونوں کی ضرورت ہے، افغانستان اور پاکستان میں بداعتمادی ہم توڑیں گے۔ عالمی برادری کا اعتماد بحال کرنا ہوگا۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ چار سالوں میں معیشت زمین بوس ہوچکی ہے، ملک پھر سے دیوالیہ ہونے کی طرف جارہا ہے۔
الیکشن میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ سے متعلق سربراہ جے یو آئی (ف) نے کہا کہ اس وقت ہمیں سیٹ ایڈجسمنٹ کی ضرورت نہیں، سیٹ ایڈجسٹمنٹ ضرورت کی بنیاد پر ہوگی۔