Urdu Chronicle

Urdu Chronicle

تازہ ترین

9 مئی کو بھولے ہیں نہ بھولنے دیں گے، وزیراعظم، تشدد کے ذمہ داروں کو قانون کے مطابق جوابدہ ٹھہرانا چاہئے، صدر مملکت

Published

on

صدر مملکت آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ سال 9 مئی کے واقعات پر بیانات جاری کئے ہیں۔

صدر آصف علی زرداری نے 9 مئی کے پرتشدد واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی پاکستان کی تاریخ میں یوم  سیاہ کے طور پر یاد رکھا جائے گا،9 مئی کو سیاسی طور پر مشتعل ہجوم نے ملک بھر میں کہرام مچایا،مشتعل ہجوم نے سرکاری املاک ، فوجی تنصیبات کو نقصان پہنچایا،9 مئی کے واقعات سے ملک کا تاثر بری طرح متاثر  ہوا۔

صدر آصف زرداری نے کہا کہ پرتشدد واقعات سے صرف پاکستان کے دشمنوں کے مفادات پورے ہوئے،حملے ریاستی رٹ ، قانون کی حکمرانی اور ادارےکمزور کرنے کی کوشش تھے،پرامن مظاہرے اور تعمیری تنقید جمہوریت کی روح ہیں۔آئین پاکستان میں اجتماع اور اظہار رائے کے بنیادی حقوق دیئے گئےہیں،بنیادی حقوق  کو آئین اور قانون کے مطابق انتہائی ذمہ داری سے استعمال کیا جانا چاہیے،بنیادی حقوق کا غلط استعمال کرکے تشدد پر اکسانے کی کسی بھی کوشش کو برداشت نہیں کرینگے۔

صدر مملکت نے کہا کہ ذمہ دار جمہوریتوں میں سیاسی مفاد کیلئے ریاستی املاک کی تباہی ، توڑ پھوڑ کبھی نہیں دیکھی۔

صدر آصف علی زرداری نے پاکستان کی مسلح افواج اور اس کے اداروں پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی مسلح افواج مختلف خطرات سے قوم کے دفاع میں پیش پیش رہی ہیں،9 مئی کو تشدد کے ذمہ داران کو قانون کے مطابق جوابدہ ٹھہرانا چاہیے۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کو پہلے ہی متعدد چیلنجز کا سامنا ہے،سیاسی قوتوں کے غیر ذمہ دارانہ عمل سے ترقی کا عمل متاثر ہوتاہے،سیاسی قوتوں کے غیر ذمہ دارانہ عمل سے سماجی و اقتصادی چیلنجز میں بھی مزید اضافہ ہوتاہے، تمام سیاسی جماعتیں رواداری ، جمہوری اقدار کے فروغ کیلئے کام کریں،تمام جماعتیں سیاسی مذاکرات ، قوم کی درست سمت میں رہنمائی کیلئے کام کریں۔

صدر زرداری نے کہا کہ سیاسی جماعتیں، پارلیمنٹ، میڈیا اور سول سوسائٹی جمہوریت کو مضبوط کریں،قانون کی حکمرانی ، رواداری، سیاسی مکالمے اور شمولیت کے کلچر کو فروغ دیں۔

صدر مملکت نے ریاستی اداروں کے خلاف سوشل میڈیا پر بدنیتی پر مبنی مہم پر افسوس اور مذمت  کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جھوٹ پر مبنی مہم کے سدباب ، حوصلہ شکنی کیلئے طریقہ کار وضع کرنے کی ضرورت ہے،نوجوانوں کو ریاستی اداروں کے خلاف نہ اکسایا جائے،نوجوانوں کی  صلاحیتوں کو ملکی مفاد میں بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔

صدر مملکت نے بہتر مستقبل کی تعمیر، سیاسی تقسیم اور نفرت ختم کرنے کیلئے اجتماعی کوششوں پر زور دیا۔

وزیراعظم نے 9 مئی سے متعلق سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر پیغام میں کہا کہ 9 مئی محض تاریخ کا ایک سیاہ ترین دن نہیں،9 مئی 2 سوچوں کو الگ کرنے والا دن ہے،ایک سوچ ریاست پر سیاست قربان کرنے والی ہے،دوسری سوچ سیاست کیلئے ریاست پر حملہ کرنے والی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ایک طرف وطن پر لہو نچھاور کرنیوالے قوم کے عظیم بیٹے، اہل خانہ اور عوام ہیں،دوسری طرف نفرت کی آگ میں سلگتے کردار جن کے دل میں ریاستی مفادات کا کوئی درد نہیں

وزیراعظم نے کہا کہ ایک سال گزر گیا لیکن قوم اور پاکستان اپنے مجرموں کو نہ بھولے ہیں نہ بھولیں گے۔ وعدہ ہے ارض پاک، عظیم شہدائ، اُن کے ورثااور قوم سے ، 9 مئی پھر کبھی نہیں۔ ہمیں آگے بڑھنا ہے اور ترقی کی منازل طے کرنی ہیں، اپنی آنے والی نسلوں کو ایک روشن مستقبل دینا ہے۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین