تازہ ترین
گمشدہ بلوچ طلبہ کیس، وزیراعظم، وزرا دفاع و داخلہ عدالت طلب، عدالت نے انٹیلی جنس سربراہوں سے رپورٹ مانگ لی
گمشدہ بلوچ طلباء کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے تین رکنی کمیٹی قائم کر دی،جائینٹ کمیٹی ڈی جی آئی ایس آئی، ڈی جی ایم آئی اور ڈی جی انٹیلیجنس بیورو پر مشتمل ہو گی،آئندہ سماعت پر وزیراعظم کو بھی طلب کیا گیا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے تفصیلی تحریری آرڈر جاری کردیا۔
عدالت نے حکم دیا ہے کمیٹی گمشدہ افراد بارے رپورٹ عدالت میں پیش کرے گی،ڈی جی انٹیلیجنس بیورو کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔
عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کمیٹی لاپتہ بلوچ طلباء اور نئے لاپتہ ہونے والوں کے حوالے سے رپورٹ اگلی سماعت سے پہلے پیش کرے گی۔
کمیٹی متعلقہ ضلع اور ڈویژن کے سیکٹر کمانڈر سے معلومات لے کر سربمہر لفافہ میں پیش کرے گی، کمیٹی جبری گمشدگی میں ملوث ماتحت حکام کے خلاف کارروائی کے لیے سفارشات پیش کرے گی۔
عدالت نے وزیراعظم ، اور داخلہ و دفاع کے وزراء اور سیکریٹریز کو بھی اگلی سماعت پر طلب کر لیا،کیس کی سماعت 28 فروری کو دوبارہ ہو گی۔