پاکستان
امید نہیں عمران خان سائفر کیس سے باہر آئیں گے، علیمہ خان
سابق وزیراعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان کا کہنا ہے کہ کوئی اُمید نہیں کہ چیئرمین پی ٹی آئی سائفر کیس سے باہر آئیں گے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ انہوں نے فیصلہ کیا ہوا ہے کہ عمران خان کو جیل سے نہیں نکالنا۔
علیمہ خان نے کہا کہ پورا عدالتی نظام ان کو سپورٹ کر رہا ہے، ہمیں عدلیہ، ججز سے ناامید نہیں ہونا چاہیے، اسلام آباد ہائی کورٹ نے بڑا زبردست فیصلہ دیا کہ جیل ٹرائل نہیں ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ میں الیکشن میں حصہ نہیں لے رہی۔
دریں اثنا ، لاہور کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں پیشی کے موقع پر سابق وزیرِ اعظم کی بہنوں عظمیٰ خان اور علیمہ خان نے پی ٹی آئی کے گرفتار کارکنوں سے ملاقات کی۔
عظمیٰ خان اور علیمہ خان نے پی ٹی آئی کے گرفتار کارکنوں سے بخشی خانے میں ملاقات کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ خان نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی جیل میں بالکل ٹھیک ہیں، آپ نے گھبرانا نہیں ہے۔
واضح رہے کہ لاہور کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے 9 مئی جلاؤ گھیراؤ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی بہنوں عظمیٰ خان اور علیمہ خان کی عبوری ضمانتوں میں 9 دسمبر تک توسیع کر دی ہے۔