پاکستان
این اے 81 سے مسلم لیگ ن کے اظہر قیوم کی کامیابی کا نوٹیفکیشن معطل
لاہور ہائیکورٹ نے گوجرانوالہ کے حلقہ این اے 81 سے مسلم لیگ ن کے اظہر قیوم کی کامیابی کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا ہے اورالیکشن کمیشن کو جواب کیلئے مہلت دے دی ہے۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سنی اتحاد کونسل کے بلال اعجاز چودھری کی درخواست پر سماعت کی جس میں اظہر قیوم کی کامیابی کے نوٹفکیشن کو چیلنج کیا گیا۔
سماعت کے دوران الیکشن کمیشن کے وکیل نے استدعا کی کہ درخواست کا جواب دینے کیلئے مہلت دی جائے۔ عدالت نے استدعا منظور کر لی۔
درخواست میں نشاندہی کی گئی کہ بلال اعجاز چودھری 8 ہزار ووٹوں سے کامیاب ہوئے لیکن الیکشن کمیشن نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی پر مخالف امیدوار اظہر قیوم کو کامیاب قرار دے دیا۔
درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ ریٹرنگ افسر نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی پر درخواست گزار کا ڈھائی ہزار ووٹ کم کر دیئے۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ مسلم لیگ نون کے امیدوار اظہر قیوم کی کامیابی کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیا جائے۔ درخواست پر مزید کارروائی عید کی تعطیلات کے بعد ہوگی۔