شوبز
تھیٹر فیسٹیول میں 14 ویں روز ڈرامہ ’ سازش کی وجہ سے کھیل ملتوی‘ پیش کیا گیا
آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں جاری پاکستان تھیٹر فیسٹیول کے چودھویں روز گرپس تھیٹر گروپ کی جانب سے بچوں کے لیے تھیٹر ”سازش کی وجہ سے کھیل ملتوی“ پیش کردیا گیا۔
آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں جاری پاکستان تھیٹر فیسٹیول کے چودھویں روز گرپس تھیٹر گروپ کی جانب سے بچوں کے لیے تھیٹر ”سازش کی وجہ سے کھیل ملتوی“ پیش کیا گیا۔
ڈرامے کے ہدایت کار یاسمین اسماعیل اور رائٹر عمران اسلم تھے، اس کھیل کے ذریعے معروف ہدایت کارہ یاسمین اسماعیل کو خراجِ عقیدت پیش کیاگیا۔
تھیٹر میں موجود موسیقی اورگانے معروف اداکار خالد انعم نے ترتیب دیے تھے، فائزہ قاضی، کے سجیرالدین، خالد انعم، عائشہ شیخ، عمید ریاض، ماریہ حسین شیخ، رقیہ ریاض، یاسین بزنجو اور محمود اختر نے بہترین اداکاری سے بچوں کے دل جیت لیے۔
”سازش کی وجہ سے کھیل ملتوی“ کی کہانی پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے صوبوں کے چار بچوں کے ارد گرد ہے جو سب ایک ہی سوسائٹی کی عمارت میں رہتے ہیں اور کرکٹ کے کھیل کو پسند کرتے ہیں، زمین کا مالک کھسر پھسر اِن سے تنگ آ چکا ہے اور اپنی عمارت کسی غیر ملکی ادارے کو فروخت کرنا چاہتا ہے، اس کوشش میں وہ بچوں کے درمیان اختلاف کے بیج بوتا ہے تاکہ ان کے گھر والے عمارت سے باہر چلے جائیں۔
ڈرامے میں بنیادی طور پر بچے متحد ہوکر کھسر پھسر کی مکروہ سازش کو ناکام بنانے کے لیے راستہ ہموار کرتے ہیں ، فنکاروں کی زبردست پرفارمنس کو خوب سراہا گیا۔