شوبز
تھیٹر فیسٹیول کے پانچویں روز مزاحیہ کھیل ”بیوی ہو تو اپنی“ پیش کیا گیا
آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیر اہتمام ”پاکستان تھیٹر فیسٹیول“ کے پانچویں روز مزاحیہ اُردو کھیل ”بیوی ہو تو اپنی“ پیش کیاگیا جس کی ڈائریکٹر عائشہ حسن ہیں۔
ڈرامے کی کہانی کمال احمد رضوی کی لکھی ہوئی ہے۔ ڈرامہ میں حسن رضا، فرحان عالم، ذوالفقار غوری، انوشکا خالد، رابیہ رضوان، نوید اور خضر انصاری نے بہترین اداکاری کے جوہر دکھائے۔
مزاحیہ کھیل ”بیوی ہو تو اپنی“ کی کہانی سلیم نامی ایک ایسے ادھیڑ عمر آدمی کے گرد گھومتی ہے جو اپنی زندگی میں خاصا دل پھینک رہا ہے، اس کی شادی ایک نوعمر لڑکی سے ہوجاتی ہے، شادی کے بعد سلیم کے سابقہ معاشقوں کی پول کھلنے لگتی ہے، فنکاروں کی جاندار اداکاری اور برجستہ جملوں پر شائقین قہقہے لگاتے رہے۔