شوبز
پاکستان تھیٹر فیسٹیول کے چوتھے روز امریکی گروپ اپ لفٹ نے ڈرامہ پیش کیا
آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں جاری ”پاکستان تھیٹر فیسٹیول“ کے چوتھے روز امریکن تھیٹر گروپ اپ لفٹ کا تھیٹر پلے ”تھرو دا وویز“ پیش کیاگیا
آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیر اہتمام پاکستان تھیٹر فیسٹیول کے چوتھے روز امریکی تھیٹر گروپ اپ لفٹ کی جانب سے تھیٹر ” تھرو دا وویز“ پیش کیا گیا ۔
جس میں امریکن قونصل خانے کی ثقافتی اتاشی Anamaria karrels نے خصوصی شرکت کی ، ”تھروداوویز“ فزیکل تھیٹر تھا جس میں ڈائیلاگز کے بغیر صرف موسیقی اور ایکٹنگ کے ذریعے تین خواتین کی کہانی کو خوبصورتی سے پیش کیا گیا، جسے شائقین کی جانب سے بے حد سراہا۔
اس موقع پر امریکن قونصل خانے کی ثقافتی اتاشی Anamaria karrels نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہاکہ ہمارے لئے اعزاز ہے کہ امریکی تھیٹر گروپ آرٹس کونسل کراچی میں پرفارم کررہاہے، بطور میزبان تمام حاضرین کو خوش آمدیدکہتے ہیں، انہوں نے کہاکہ پاکستان تھیٹرفیسٹیول میں ثقافتی سفارتکاری ہورہی ہے جس کے ذریعے ایک دوسرے کی تاریخ اور نقطہ نظرسمجھنے میں مدد مل رہی ہے۔
آخر میں امریکی تھیٹر گروپ کے فنکاروں نے کہاکہ پاکستانی تھیٹر شائقین کے سامنے پرفارم کرنا بہت زبردست تجربہ ہے ، آگے بھی یہ سلسلہ جاری رکھیں گے۔