شوبز
پاکستان تھیٹر فیسٹیول، سری لنکا کے ڈانس گروپ نے میلہ لوٹ لیا
آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی جانب سے جاری ”پاکستان تھیٹر فیسٹیول“ کے تیسرے روز سری لنکن ڈانس گروپ کی جانب سے سری لنکا کے روایتی رقص پر مبنی پروگرام Kanya کا انعقاد کیاگیا جس میں صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ، قونصل جنرل سری لنکا جگت ابیورنا سمیت مختلف ممالک کے سفارتکاوں نے شرکت کی.
Kanyaمیں معروف گلوکار احسن باری، سری لنکن گلوکار سونال پرابھاشیتا، پاکستانی گلوکارہ سونیا اور منیب خان نے اپنی آواز کا جادو جگایا جبکہ سری لنکن ڈانس گروپ میں Chandana Wickremsinghe Dancers Guild نے ”لیلامیں لیلا“ ، ہیرٹیج آف سری لنکا، Traditional دیوداسی، ردھم راتا کے عنوان پر مبنی زبردست رقص پیش کیا اور Thammattam پر ڈرم بجایا جس کو شائقین نے بے حد پسند کیا۔
سری لنکن گلوکار سونال پرابھاشیتا کے ساتھ احسن باری نے مشترکہ میوزیکل پرفارم کیا جبکہ سونال پرابھاشیتا نے پاکستانی گلوکارہ سونیا کے ساتھ مل کر عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گانا ”پسوڑی“ گا کر محفل لوٹ لی۔
اس موقع پر صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہاکہ آج پاک سری لنکا دوستی کو 75سال مکمل ہوچکے ہیں، ہمیں پاکستان اور سری لنکا کی دوستی پر فخر ہے، سری لنکا کے فنکاروں نے زبردست پرفارم کیا ہے.
قونصل جنرل سری لنکا کا شکر گزار ہوں کہ وہ یہاں موجود ہیں، یہ سری لنکن ڈانس گروپ اسلام آباد اور لاہور میں بھی پرفارم کرے گا، انہوں نے کہاکہ پاکستان اور سری لنکا کے فنکاروں کو آپس میں پرفارم کرنا چاہیے تاکہ دونوں ملکوں کی ثقافت پروان چڑھ سکے.
قونصل جنرل سری لنکا جگت ابیورنا نے کہاکہ میں بہت خوش ہوں، آرٹس کونسل کراچی میں اتنا زبردست پروگرام منعقد کیاگیا ، آج ہم پاک سری لنکا سفارتی تعلقات کا جشن منا رہے ہیں، صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ اور ان کی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے، آپ سب نے اس ایونٹ کو کامیاب بنایا، آخر میں سری لنکا کا ملی نغمہ پیش کیاگیا، بعد ازاں سری لنکن فنکاروں میں سوینئر اور ایوارڈ تقسیم کیے گئے۔