ٹاپ سٹوریز
متعدد مقدمات میں عمران خان کی گرفتاری روکنے کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر
سابق وزیراعظم عمران خان نے اپنے خلاف ملک بھر میں درج متعدد مقدمات میں گرفتاری روکنے کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی۔
درخواست میں وفاقی حکومت، آئی جی پنجاب، آئی جی بلوچستان، سپریٹنڈنٹ جیل اٹک کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں نیب، ایف آئی اے، انسداد دہشت گردی عدالت لاہور اور اے ٹی سی اسلام آباد کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ حکومتی مشینری کو استعمال کرتے ہوئے عمران خان کے خلاف سیاسی انتقام بند کیا جائے کیونکہ چیئرمین پی ٹی آئی سابق وزیر اعظم اور ملک کی سب سے بڑی جماعت کے سربراہ ہیں۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف 180 سے زائد مقدمات درج ہیں۔
اسلام آباد میں انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج ہونے والے نو مقدمات میں متعقلہ عدالت نے عمران خان کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستیں مسترد کر دی ہیں جبکہ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے عمران خان کو 190 ملین پاؤنڈ میں دی گئی عبوری ضمانت کو بھی کینسل کر دیا ہے۔