پاکستان

پی ٹی آئی کے ترجمان رؤف حسن کا مزید دو دن کا جسمانی ریمانڈ

Published

on

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے ترجمان پی ٹی آئی روؤف حسن اور دیگر کو 2 دن کے جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا، عدالت نے پی ٹی آئی فیس بک ہیڈ سیدہ عروبہ کو جوڈیشل ریمانڈ پر بھیج دیا،عدالت نے رؤف حسن کے جسمانی ریمانڈ پر محفوظ شدہ فیصلہ سنادیا۔

محفوظ شدہ فیصلہ ڈیوٹی جج مرید عباس نے سنایا،ایف آئی اے نے روؤف حسن کے 8 دن کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔

ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے کہا کہ ریکارڈ میں ریاست مخالف ویڈیوز کے ٹرانسکرپٹ لگائے گئے ہیں، مزید ریکوری کے لیے مزید 8 دن کا جسمانی ریمانڈ درکار ہے،  پیکا ایکٹ کے تحت 30 دن کا ریمانڈ حاصل کرسکتے ہیں، جب تک ملزمان کی کسٹڈی نہیں ہوگی تو ہم انکوائری کیسے کریں گے۔

جج مرید عباس نے سوال کیا کہ رؤف حسن کا انڈیا سے ویزا یا ٹکٹ بھی آیا ہے؟

ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے کہا کہ جی رؤف حسن کا بھارت سے سفری ٹکٹ آیا ہے۔

جج مرید عباس نے سوال کیا کہ رؤف حسن صاحب، آپ کبھی بھارت گئے ہیں؟ راہول نامی بندے کے ساتھ آپ کی چیٹ ہے، اس کا اقرار کرتے ہیں؟

رؤف حسن نے عدالت کو بتایا کہ جی راہول انگلینڈ میں رہتا ہے اس نے گیسٹ اسپیکر کے طور پر مجھے بحرین بلایا تھا، دسمبر 2023ء میں بحرین بلایا تھا، میں کنگز کالج لندن کا سینئر فیلو ہوں۔

پی ٹی آئی کے علی بخاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ گزشتہ روز ایک خاتون کو گرفتار کیا گیا۔

ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے کہا کہ عروبہ پی ٹی آئی کے ایکس اکاؤنٹ کو ہینڈل کرتی ہیں، انہوں نے ابھی تک اکاؤنٹس کو سرنڈر نہیں کیا۔

وکیل علی بخاری نے کہا کہ خاتون ایک ملازم کے طور پر پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ہینڈل کرتی ہے، ہاسٹل سے گرفتار کیا جو قانون کے خلاف ہے، ایف آئی اے سیدہ عروبہ کو نوٹس بھی کرسکتی تھی، رؤف حسن کینسر سے لڑچکے ہیں اور عمر رسیدہ ہیں۔

علی بخاری ایڈووکیٹ نے رؤف حسن سمیت دیگر کو مقدمے سے ڈسچارج کرنے کی استدعا کی۔

رؤف حسن نے کہا کہ جس مقدمے میں مجھے گرفتار کیا گیا وہ میرے دائرہ اختیار میں آتا ہی نہیں، میری ذمے داری الیکٹرانک میڈیا سے ڈیل کرنا ہے، ذلفی بخاری پی ٹی آئی کے لیے انٹرنیشنل میڈیا دیکھتے ہیں، اس کیس میں جو مجھ پر الزام لگائے گئے ہیں وہ بے بنیاد ہیں۔

یاد رہے کہ رؤف حسن اور دیگر کو 3 روز کے جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر آج عدالت میں پیش کیا گیا۔

پی ٹی آئی سوشل میڈیا ایکٹوسٹ سیدہ عروبہ کو بھی جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کے لیے عدالت میں پیش کیا گیا، سیدہ عروبہ کو گزشتہ روز ایف آئی اے نے گرفتار کیا تھا۔

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین

Exit mobile version