پاکستان
ایل ڈبلیو ایم سی کی ورکشاپ پر پولیس کا دھاوا، قبضے کی کوشش، یونین نے صفائی آپریشن روکنے کی کال دے دی
لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیو ایم سی) کی راج گڑھ ورکشاپ پر پولیس نے دھاوا بول کر ورکرز پر تشدد کیا، موبائل فون چھین لیے اور ورکشاپ پر قبضے کی کوشش کی۔
ورکرز یونین نے پولیس گردی کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے شہر بھر میں صفائی آپریشن روکنے کی کال دے دی۔
ترجمان ایل ڈبلیو ایم سی کا کہنا ہے کہ کسی بھی سرکاری ادارے کی جانب سے ورکشاپ خالی کرنے کا کوئی نوٹس موصول نہیں ہوا،ایل ڈبلیو ایم سی کی 400 گاڑیاں راج گڑھ ورکشاپ پر پارک کی جاتی ہیں۔
ترجمان ایل ڈبلیو ایم سی کے مطابق راوی ٹاؤن، داتا گنج بخش ٹاؤن اور عزیز بھٹی ٹائون کا صفائی آپریشن راج گڑھ ورکشاپ سے چلایا جاتا ہے۔ 60 ورکرز راج گڑھ ورکشاپ میں ڈیوٹی پر موجود ہوتے ہیں۔راج گڑھ ورکشاپ عرصہ 40 سال سے صفائی ادارے کے استعمال میں ہے۔
ترجمان ایل ڈبلیو ایم سی نے کہا کہ ساما ایگریمنٹ کے تحت راج گڑھ ورکشاپ کی جگہ ایل ڈبلیو ایم سی کی ملکیت ہے۔