تازہ ترین
عمر ایوب کے گھر پولیس کا چھاپہ، وفاق اور پنجاب حکومت میری گرفتاری کے لیے بیتاب ہے، اپوزیشن لیڈر
میانوالی پولیس نے اسلام آباد پولیس کے ہمراہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب کے گھر چھاپہ مارا ۔ عمر ایوب گھر پرموجود نہ ہونے کے باعث گرفتاری عمل میں نہ لائی جا سکی۔
پولیس نے چھاپہ عمر ایوب کی سیکٹر ایف ٹین والی رہائش گاہ پر مارا۔ پولیس کو عمر ایوب دہشت گردی کے مقدمے میں مطلوب ہیں۔ واضح رہے کہ سرگودھا انسداد دہشت گردی عدالت نے عمر ایوب کے وارنٹ جاری کیے۔
عمرایوب نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ وفاق اور پنجاب حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکی ہے، کسی بھی پارلیمنٹرین کو گرفتار کرنے سے پہلے اسپیکر آگاہ کرنا ہوتا ہے،بانی پی ٹی آئی کے وزیراعظم بننے تک جدوجہد جاری رہے گی۔
رہنما پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ فارم 47 والی وفاقی حکومت، پنجاب حکومت اور ایجنسیاں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کی گرفتاری کے لیے بہت بے چین ہیں۔
اپوزیشن لیڈر نے مزید کہا کہ واضح کر دوں بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وزیراعظم بننے تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔
عمر ایوب نے کہا کہ وہ بلا شبہ ثابت کریں گے کہ پاکستان میں قانون کی حکمرانی نہیں ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم اپنی قانونی جدوجہد جاری رکھیں گے۔